پنجاب کے مزید پانچ شہروں میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

فیصل آباد ، سیالکوٹ میں دسمبر میں ، لودھراں ، چشتیاں ، چنیوٹ میں جنوری کو سنگ بنیاد رکھا جائیگا منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر تین مرلہ گھر بنائے جائیں گے، 25 فیصد پر پانچ مرلہ گھر اور 25 فیصد جگہ پر فلیٹ بنیں گے، صوبائی وزیر ہائوسنگ

پیر 5 نومبر 2018 16:45

پنجاب کے مزید پانچ شہروں میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) پنجاب کے پانچ شہروں میں نیا پاکستان ہاسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت فیصل آباد اور سیالکوٹ میں دسمبر میں منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، لودھراں، چشتیاں اور چنیوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری میں رکھاجائے گا۔

وزیر ہاسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ منصوبے کے سنگ بنیاد کے لیے محکموں میں تیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر تین مرلہ گھر بنائے جائیں گے، 25 فیصد پر پانچ مرلہ گھر اور 25 فیصد جگہ پر فلیٹ بنیں گے۔میاں محمود الرشید کے مطابق منصوبے کے تحت ان پانچوں اضلاع میں دس ہزار کے قریب گھر تعمیر ہوں گے، کنٹریکٹرمنصوبے کے مقامات پر اسکول، ڈسپنسری اور مسجد تعمیر کرنے کا پابند ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ مکانوں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پانچ برسوں میں 50 لاکھ گھر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔منصوبہ کے بارے میں بتاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اس کے تحت ملک کے ان لوگوں کو سہولت دی جائے گی جو مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھتے اور اپنا گھر بنانے کے اہلیت نہیں رکھتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں