پنجاب میں طاقت کا سرچشمہ عثمان بزدار ہیں، فیاض الحسن چوہان

میاں بیوی کو بھی ایک دوسرے سے گلے شکوے ہوتے ہیں،طارق بشیر چیمہ کی چھوٹی سی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلانا کوئی اچھی بات نہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 10 نومبر 2018 22:27

پنجاب میں طاقت کا سرچشمہ عثمان بزدار ہیں، فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2018ء) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں طاقت کا سرچشمہ عثمان بزدار ہیں، کابینہ کے تمام وزرا ان کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں،طارق بشیر چیمہ نے چھوٹی سی بات کی، ان کا بات کرنے کا اپنا انداز ہے، اس چیز کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلانا کوئی اچھی پریکٹس نہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سارا دن ایک دوسرے کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، لوگ اپنے سینئرز کے ساتھ بات کرتے ہیں،میاں بیوی اور فیملی میں بھی ایک دوسرے کے حوالے سے گلے شکوے ہوتے ہیں، اس کی آڈیو بناکر چلانا کوئی طریقہ نہیں، ایک دوسرے سے اختلافات ہوتے ہیں جو چھوٹی چھوٹی چیزیں ہوتی ہیں، تبصرہ کرنے پر اتنی بڑی بات نہیں ہوگئی، اس سے ایسا کوئی تاثر نہیں کہ حکومت کمزور ہوگئی یا وزیراعلیٰ کمزور ہوگئے ہیں، عثمان بزدار ایک مضبوط اتھارٹی ہیں اور اس میں کوئی تنازع نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے چھوٹی سی بات کی، ان کا بات کرنے کا اپنا انداز ہے، اس چیز کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلانا کوئی اچھی پریکٹس نہیں۔یاد رہے کہ جہانگیر ترین اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ویڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وفاقی وزیر طارق چیمہ بھی شریک تھے۔ویڈیو میں صاف سنا جا سکتا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ چوہدری سرور کو کنٹرول کریں ‘‘ ، جس پر پرویز الہیٰ میدان میں آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’ ہاں یار انہیں توکنٹرول کرو ‘‘ اس پر طارق بشیر چیمہ دوبارہ گفتگو کو جاری کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ انہیں کنٹرول کریں اور مہربانی کریں کیونکہ وہ آپ کے چیف منسٹر کو چلنے نہیں دیں گے ‘‘۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں