مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، شبانہ روز محنت کے باعث ملک کو درست سمت گامزن کر دیا‘

عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے، عمران خان ملک کو مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘نئے پاکستان میں حکومت نے عوام کو اپنے حقوق کا شعور دیا ، نئے پاکستان میں سب عوام کی امنگوں کے مطابق ہوگا‘ عارضی مشکلات پر قوم کی حمایت سے قابو پائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی مختلف وفود سے گفتگو

ہفتہ 10 نومبر 2018 22:38

مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، شبانہ روز محنت کے باعث ملک کو درست سمت گامزن کر دیا‘
لاہور۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی اوراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور شبانہ روز محنت کے باعث ملک کو درست سمت کی جانب گامزن کر دیا گیا ہے اور قومی مفاد میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارہفتہ کے روز مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معیشت کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے اور انشاء اللہ ان فیصلوں سے معیشت بحال ہوگی اور ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام مستفید ہوں گے کیونکہ معیشت بہتر ہو گی تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اعتماد ہے اور عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں حکومت نے عوام کو اپنے حقوق کا شعور دیا ہے اور ہم عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ نئے پاکستان میں سب کچھ عوام کی امنگوں اور توقعات کے مطابق ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، میرٹ، شفافیت کا فروغ اورعام آدمی کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔عوام کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں حقیقی تبدیلی کیلئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور تبدیلی کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحیح معنو ں میں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کا عزم کر رکھا ہے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔پولیس کو عوام کا حقیقی محافظ بنائیں گے۔جب ادارے مضبوط ہوں گے تو لوگوں کو انصاف ملے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور قوم کی حمایت سے عارضی مشکلات پر قابو پائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں