لیگی دور میں 8 لاکھ ناقص پاسپورٹس پرنٹ کیے جانے کا انکشاف

ناقص ہونے کے باعث ان پاسپورٹس کو تلف کرنے کے لیے جلایا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 نومبر 2018 12:53

لیگی دور میں 8 لاکھ ناقص پاسپورٹس پرنٹ کیے جانے کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 8 لاکھ 18 ہزار 624 ناقص پاسپورٹس پرنٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا۔ جس کے بعد پاسپورٹس کے ناقص ہونے کے باعث انہیں 2017 میں تلف کرنے کے لیے جلایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ آفس کی جانب سے ہرماہ 13 ہزار 643 ناقص پاسپورٹ شائع کئے جا رہے ہیں ۔ پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹس کی ناقص پرنٹنگ پُرانی مشینوں کی وجہ سے ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ دستیاب دستاویزات کے مطابق ناقص ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ جلائے گئے جس کی وجہ سے خزانے کو28 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ دستاویزات کے مطابق مذکورہ پاسپورٹس 2012ء سے لے کر 2017ء تک چھاپے گئے جو پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کراچی سے چھپوائے گئے ۔

(جاری ہے)

پرنٹنگ کارپوریشن کو چھپوانے کی مد میں فی پاسپورٹ 342.81 روپے ادائیگی کی گئی تاہم پرنٹنگ کا معیار یقینی بنانے کے لیے ڈی جی پاسپورٹ اسلام آباد آفس کی جانب سے اقدامات نہیں کئے گئے ۔

دوسری جانب پاسپورٹ انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ روزانہ بیس ہزار درخواستیں موصول ہونے کے سبب بروقت پرنٹنگ ناگزیر تھی ۔ پاسپورٹس کی پرنٹنگ پرانی مشینوں پر کرنے کی وجہ سے خزانے کو نقصان برداشت کرنا پڑا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں