عثمان بزدار گاڑی کے اندر سے بغیر پروٹوکول کی خود ہی ویڈیو بنواتے رہے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سابق حکمرانوں کی طرح بغیر پروٹوکول کے سفر کرنے والا ڈرامہ مہنگا پڑ گیا ، سوشل میڈیا پر تنقید

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 نومبر 2018 13:53

عثمان بزدار  گاڑی کے اندر سے بغیر پروٹوکول کی خود ہی ویڈیو بنواتے رہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سادگی کی بہت مثالیں دی جاتی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ بغیر پروٹوکول کے سفر کرتے ہیں اور جہاں بھی جائیں لوگوں میں گھل مل جاتے ہیں۔تاہم کبھی کبھی سادگی کے دعوے بھی مہنگے پڑ جاتے ہیں۔کچھ ایسا ہی ہمارے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ بھی ہوا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جو کہ ان کی گاڑی کے اندر سے بنائی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گاڑی عام شہریوں کی گاڑیوں کے درمیان سگنل پر رکی ہے۔جب کہ گاڑی میں موجود ایک شخص نے یہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی اور کہا کہ دیکھیں ہمارے وزیر اعلیٰ کوئی پروٹوکول نہیں لے رہے اور بغیر پروٹوکول کے سفر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ماضی میں سابق حکمرانوں کی بھی اس طرح کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔تاہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سابق حکمرانوں کی طرح بغیر پروٹوکول کے سفر کرنے والا ڈرامہ کرنا مہنگا پڑ گیا ، گاڑی کے اندر سے خود ہی ویڈیو بنوانے کے بعد سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے سے ان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کچھ صارفین نے کہا کہ عثمان بزدار کو اپنی مقبولیت میں اضافے کے لیے ایسے کام نہیں کرنے چاہئیے یہ تو اپنے منہ میاں مٹھو بننے والی بات ہے۔تاہم کچھ صارفین نے کہا کہ اس میں عثمان بزدار کا کوئی قصور نہیں ویڈیو تو کسی اور شخص نے بنائی ہے جس پر دیگر صارفین نے کہا کہ عثمان بزدار کو بھی اس بات کا علم تھا کہ ان کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے اور یہ ان کی اجازت کے بعد ہی اپلوڈ کی گئی ہو گی۔اس موقع پر کچھ لوگوں نے عثمان بزدار کی حمایت بھی کی ایک صارف نے کہا کہ عثمان بزدار کی سب سے بڑی دو ہی خرابیاں ہیں ایک وہ شریف ہے دوسرا سادہ آدمی ہے۔میں ان کو تسلیم کرتا ہوں یہ قوم اچھے بندے کے لائق نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں