محکمہ اوقاف کی عمارتوں اور زرعی زمین کے کرایوں میں اضافے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

ازسرنو منصوبہ بندی کر کے زرعی زمینوں کی فی ایکڑ پیداوار اور عمارات کے کرایوں میں اضافہ کیا جائے ‘ متن

پیر 12 نومبر 2018 15:34

محکمہ اوقاف کی عمارتوں اور زرعی زمین کے کرایوں میں اضافے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) محکمہ اوقاف کی عمارتوں اور زرعی زمین کے کرایوں میں اضافے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف پنجاب کے پاس 76625 ایکڑ زرعی اراضی موجود ہے۔محکمہ کی ناقص منصوبہ بندی اورحکمت عملی کے فقدان کی وجہ سے اس قیمتی اراضی سے سالانہ آمدن صرف 29 کروڑ روپے حاصل ہو رہی ہے جس کے مطابق اوسطاًفی ایکڑ آمدن صرف 2500 روپے بنتی ہے۔

اس کے علاوہ مذکورہ محکمہ کے پاس صوبہ بھر کے مہنگے ترین علاقوں میں 1403 عمارات ہیں ۔جن کا سالانہ کرایہ صرف 18 کروڑ روپے جس کے مطابق اوسطاًفی عمارت کرایہ 10 ہزار روپے ماہانہ بنتا ہے جبکہ بہت سی عمارات میں ایک سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جہاں کاروبار کرنے والے لاکھوں اور کروڑوں ماہانہ کما رہے ہیں۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کے افسران اور اہلکاران کی ملی بھگت سے صوبہ پنجاب کو دہائیوں سے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

سابق ادوار میں محکمہ اوقاف پنجاب کی انتظامیہ نے کبھی ایسی منصوبہ بندی نہیں کی جس سے محکمہ کی زرعی زمین اور عمارات کی آمدن میں اضافہ کیا جا سکے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف کی زرعی زمینوں کی فی ایکڑ پیداوار اور عمارات کے کرایوں میں اضافہ کیا جائے اوراس کے لئے ازسرنو منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں