وزیراعظم کا اسپیکرپرویزالٰہی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ، گورنراوراسپیکر پنجاب اسمبلی اسلام آباد طلب، عمران خان تینوں سے ون ٹوون ملاقات کریں گے، ملاقات میں ملکر چلنے اور ویڈیو لیک معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 نومبر 2018 15:50

وزیراعظم کا اسپیکرپرویزالٰہی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر پرویز الٰہی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب، گورنرپنجاب اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے، تینوں سے ون ٹوون ملاقات میں ویڈیو لیک سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز دورہ لاہور پر تھے کہ اسپیکر پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے جہانگیرترین کی سینیٹ الیکشن میں حمایت کے سلسلے میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزیربشیر چیمہ بھی موجود تھے۔اس ملاقات کی ویڈیو لیک ہوگئی جس میں چودھری پرویز الٰہی نے جہانگیر ترین سے کہا کہ ’’یار اس سرور نوں کنٹرول کرو‘‘ جس پر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آپ کے چیف منسٹر کو اس نے چلنے نہیں دینا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں درپیش چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔مسلم لیگ ق کی قیادت نے جہانگیرترین سے شکوہ کیا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کے تحفظات بڑھ رہے ہیں۔

اراکین اسمبلی کوترقیاتی فنڈ نہیں دیے جارہے ہیں۔ جس پر ارکان اسمبلی پریشان ہیں۔اراکین کے تحفظات دور نہ ہوئے سینیٹ الیکشن مشکل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرائیں فیکٹر الیکشن پر اثر انداز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ارکان کے شکوے دور نہ ہوئے تونقصان ہوگا۔پی ٹی آئی کے ارکان بھی شکوے کررہے ہیں۔عثمان بزدار کو کامیاب بنانا ہے توان کواختیار ات بھی دینے ہوں گے۔

صوبائی ارکان کے حلقوں کے کام نہیں ہورہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کے روز اس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر سرور کوطلب کیا اور دونوں سے معاملے سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ لیکن آج عمران خان نے تینوں رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔جن میں اتحادی جماعت ق لیگ کے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ عمران خان تینوں سے ون ٹوون ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے اسی طرح عمران خان سینیٹ الیکشن سے متعلق حکمت عملی بنانے پر بھی غور کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی اتحادی جماعت کے اسپیکر پرویز الٰہی کو راضی کریں گے اورتینوں کو وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کو مل کرچلنے کی ہدایت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں