ایم این اےاسماء حدید نے اپنے خلاف ہونےوالے پراپیگنڈا پر ویڈیو پیغام جاری کردیا

میرے بارے میں جو کہا جارہا ہے کہ میں نے اسرائیل کی حمایت میں کوئی قراداد پیش کی ہے تو وہ بات بالکل جھوٹی ہے۔میں نے صرف ایک بات کی تھی کہ مسلمانوں کو قتل اور ذبح ہونے سے بچایا جائے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 12 نومبر 2018 19:29

ایم این اےاسماء حدید نے اپنے خلاف ہونےوالے پراپیگنڈا پر ویڈیو پیغام جاری کردیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی اسماء حدید نے اپنے خلاف ہونےوالے پراپیگنڈا پر ویڈیو پیغام جاری کردیا۔اسما حدید نے اسرائیل کی حمایت میں قراداد پیش کرنے والے الزام کو رد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی اسماء حدید نے آج متنازع تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نماز میں درودپڑھتے ہیں تویہودیوں کوبھی دعائیں دیتے ہیں،للہ کا حکم ہے یہودیوں کا قبلہ بیت المقدس ہے،مسلمانوں کا قبلہ خانہ کعبہ ہے، تاہم اب مسلمانوں اور یہودیوں میں اس معاملے پرلڑائی ختم ہوجانی چاہیے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اپنی متنازع تقریر میں کہا کہ نبی پاک ﷺ نے مسلمانوں کو نماز کعبہ کی طرف منہ کرکے پڑھنے کا حکم دیا لیکن جب یہودیوں کے اعتراض پرآپ ﷺ نے یروشلم کی طرف نماز پڑھنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

پھر اللہ کی طرف سے جب حکم آگیا کہ جس میں اللہ نے فیصلہ کردیا۔کہ یہودیوں کا کعبہ یروشلم مسجد اقصیٰ ہوگا۔ جبکہ مسلمانوں کا کعبہ ہوگا جوعرب میں ہے۔

اس لیے اب مسلمانوں اور یہودیوں کی لڑائی اس معاملے پر توختم ہوجانی چاہیے۔ نبی پاک ﷺ اور حضرت علی نے فرمایا کہ اپنے دشمن کو دوست بنا لو۔نبی پاک ﷺ نے یہودیوں کے ساتھ کام کرکے ایک مثال قائم کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ ہم یہودیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کو برا بھلا کہتے ہیں لیکن جب ہم نماز پڑھتے ہیں توہم درود شریف پڑھتے ہیں جس میں ہم پوری آل کو دعا دیتے ہیں۔

اسماء حدید نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے ہمیں جوسکھایا تھا ہم اس کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں۔جس طرح ہمارے مولانا کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ بھی بنی اسرائیل سے تھے۔ کیا ہم مسلمان کچھ ایسا نہیں کرسکتے کہ دنیا میں جومسلمان مر رہے ہیں۔علماء کرام کو قرآن پاک سے ایسی راہ نکالنی چاہیے کہ ہم سب اس قتل غارت سے بچ جائیں۔ان کی اس تقریر پر شور مچا تو اسماء حدید نے ویڈیو کی صورت میں وضاحتی پیغام نشر کر دیا ۔

انکا کہنا تھا کہ میں ایک بار اپنے بہن بھائیوں کو دوبارہ بتاتی چلوں اور وضاحت دے دوں کہ صبح سے قومی اسمبلی میں ایک بحث ہو رہی تھی جس میں اسرائیلی طیارے کے حوالے سے بحث ہوئی جو خاصا زور پکڑ گئی اور اس پر گرماگرمی کی صورتحال بن گئی۔اس صورتحال میں ایک بات جو میں ان تک پہنچانا چاہتی تھی وہ یہ تھی کہ ہم یہاں لڑنے کی بجائے کیوں وہاں نہیں چلے جاتے اور اپنے مسلمان بھائیوں کو بچا کیوں نہیں لیتے۔

انکا کہنا تھا ک میرا موقف ہے کہ ہم کوئی بھی مشترکہ موقف اختیار کر لیں لیکن یہ سب خون خرابہ بند ہونا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ ہمارے پاس نمونہ نبی ﷺ کی ذات کے علاوہ کوئی بھی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے بارے میں جو کہا جارہا ہے کہ میں نے اسرائیل کی حمایت میں کوئی قراداد پیش کی ہے تو وہ بات بالکل جھوٹی ہے۔میں نے صرف ایک بات کی تھی کہ مسلمانوں کو قتل اور ذبح ہونے سے بچایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں