پاکستان کے غریب عوام کرپٹ نہیں ہیں بلکہ امیر طبقہ نے ملک کو لُوٹا ہے‘چوہدری محمد سرور

وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں ایک کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ غریب طبقہ کیلئے 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے 0 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لئے تمام وزراء ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، غربت، بے رزگاری، دہشت گردی اوربجلی کے چیلنجز پر قابو کا حل صرف اور صرف معیاری تعلیم کا فروغ ہے‘گورنر پنجاب

پیر 12 نومبر 2018 21:47

پاکستان کے غریب عوام کرپٹ نہیں ہیں بلکہ امیر طبقہ نے ملک کو لُوٹا ہے‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے غریب عوام کرپٹ نہیں ہیں بلکہ امیر طبقہ نے ملک کو لُوٹا ہے۔ کرپشن اور بنکوں کے قرضے واپس نہ کرنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں ملک میں ایک کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ غریب طبقہ کے لئے 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے،100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لئے تمام وزراء ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، غربت، بے رزگاری، دہشت گردی اوربجلی کے چیلنجز پر قابو کا حل صرف اور صرف معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔

ان خیالات کا ا ظہار اُنہوں نے مہموں والی گاؤں ضلع شیخوپورہ میں معاون فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معاون فاؤنڈیشن کے چیئرمین و چیف نیول آف سٹاف ایڈمرل (ر) آصف سندھیلہ، اخوت فاؤنڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او شیخو پورہ کے علاوہ معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دُنیا کی ترقی یافتہ قوموں نے قلم کی طاقت سے ترقی حاصل کی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے رزگاری کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کو ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر ووکیشنل سنٹروں کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گورنرنے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا عہدہ او ر دولت بیکار ہے جس سے دکھی انسانیت کوفائدہ نہ پہنچے۔ گورنرنے گاؤں میں ووکیشنل ٹر یننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر آصف سندھلہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں بچیوں کو سلائی کڑھائی اور بیوٹیشن کے کورس کرائے جاتے ہیں اس کے علاوہ بچوں کو موٹر مکینک کی تربیت بھی جاتی ہے۔ گورنرنے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن صوبہ کی 42 جیلوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کے علاوہ میڈیکل لیب بھی قائم کر رہی ہے۔

آصف سندھلہ کے مطالبہ پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مہموں والی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا۔اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ اخوت نے ضلع شیخو پورہ میں ایک لاکھ گھرانوں میں 3 ارب روپے بلا سود قرض دیئے ہیں جن کی واپس سو فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ایک کروڑ روزگار اور 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے لئے اس سفر میں ان کے شریک ہیں۔ تقریب سے معاون فاؤنڈیشن کے سربراہ آصف سندھیلہ نے خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں