لاہور ہائیکورٹ نے پبلک سیفٹی کمیشن کی منظوری کے بغیر آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری قانون کو طلب کرلیا

پیر 12 نومبر 2018 23:17

لاہور ہائیکورٹ نے پبلک سیفٹی کمیشن کی منظوری کے بغیر آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری قانون کو طلب کرلیا
لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پبلک سیفٹی کمیشن کی منظوری کے بغیر آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری قانون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 22نومبر تک ملتوی کر دی ۔ چیف جسٹس محمد انوارلحق نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 6نومبر2017کا حکم تھا عمل کیوں نہیں ہوا اوراب تک پبلک سیفٹی کمیشن کیوں نہیں بنے ۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ حکومت میں وزیر اعلی کو سمری بھجوائی تھی لیکن منظور نہیں ہوئی۔چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کہ اس حکومت کو کیا مسئلہ ہے کیوں عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ نئے پولیس آرڈر کے ترمیمی ایکٹ کیلئے مسودہ وزیراعلی پنجاب کو بھجوایا گیا ہے، نئے قانون کیلئے کابینہ کی منظوری ضروری ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔درخواست گزار سعد رسول ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ 16سال سے قانون بنا ہوا ہے جان بوجھ کر ہر حکومت عمل نہیں کرتی ۔حکومت پولیس کو سیاسی مداخلت سے نہیںنکالنا چاہتی ۔کیا انہیں ہر قانون پر عمل درآمد کے لیے وزیراعلی کو خط لکھنا پڑے گا ۔عدالت نے سیکرٹری قانون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 22نومبر تک ملتوی کر دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں