مسلم لیگ ن کی ایک اور سیٹ خطرے میں پڑ گئی

سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی سیٹ پی پی 168 میں تحریک انصاف کا پلڑا بھاری پڑ گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 12 نومبر 2018 21:18

مسلم لیگ ن کی ایک اور سیٹ خطرے میں پڑ گئی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر 2018ء) لاہور میں ایک اور نشست مسلم لیگ ن کے ہاتھوں سے نکلنے لگی،سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی سیٹ پی پی 168 میں تحریک انصاف کا پلڑا بھاری پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق جولائی 2018 کے عام انتخابات میں خواجہ سعد رفیق نے 2 نشستوں پر انتخابات میں حصہ لیا۔خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 131 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 168 سے حصہ لیا۔

این اے 131 میں انہیں کانٹے دار مقابلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم وہ پی پی 168 کی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔تاہم اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے این اے 131 کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو خواجہ سعد رفیق نے بھی ایک بار پھر این اے 131 سے قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا 14 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں خواجہ سعد رفیق نے فتح حاصل کرلی اور ایک بار پھر وہ قومی اسمبلی کا حصہ بن گئے جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر صوبائی اسمبلی کی سیٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا جس پر جلد ہی ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حلقے کی اعوان برادری نے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسدعلی کھوکھر کی حمایت کا اعلان کردیا۔ جبکہ دوسری جانب ن لیگ کے مقامی رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر کے پی ٹی آئی امیدوار کو حمایت کی بھرپور یقین دہانی کرادی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار ملک اسد علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس ضمنی الیکشن میں شکست مسلم لیگ ن کے مقدر میں لکھی جاچکی ہے، وہ اس حلقے سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں