پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے دوست ممالک کی پیشکش( ن) لیگ سے ہضم نہیں ہورہی‘فیاض الحسن چوہان

ہمارے 126 دن کے پرامن دھرنے کی وجہ سے نواز شریف جیل گئے‘پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت کی میڈیا سے گفتگو

پیر 12 نومبر 2018 23:31

پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے دوست ممالک کی پیشکش( ن) لیگ سے ہضم نہیں ہورہی‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 2014 کے دھرنے کی وجہ سے سابق وزیراعظم نواز شریف گھر گئے۔آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 126 دنوں کے دھرنے کی وجہ سے عوام میں شعور آیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشاہد اللہ خان (ن) لیگ کا وہ مہرہ ہے جو آل شریف کے ہاتھوں میں کھیلتا ہے۔

جس کا کام ٹاک شوز سے لیکر اسمبلی تک ن لیگ کی کرپشن پر پردہ ڈالنا ہے۔ مشاہد اللہ صاحب شریف برادران کی مہربانی سے مالی اور سیاسی فوائد حاصل کر کے سینیٹ تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف کی نوازش سے اپنے دو بھائیوں کو غیر قانونی طور پر بھاری تنخواہوں پہ پی آئی اے میں بھرتی کروانے والے، اپنی بیٹی کو ایم این اے بنوانے والے اور سرکاری خرچے سے اپنا لاکھوں کا علاج کروانے والے کے منہ سے پی ٹی آئی پہ اقربا پروری اور سیاسی نا اہلی کے الزامات مناسب نہیں لگتے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو بتایا کہ جائز حق کے لئے کس طرح کردار ادا کرنا چاہیے اور دنیا نے دیکھ لیا 126 دن کے ہمارے پر امن دھرنے کی وجہ سے نواز شریف جیل گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوست ممالک پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں انکی معاشی پیشکش مسلم لیگ (ن) کو ہضم نہیں ہورہی اسلئے منفی پروپیگنڈہ کررہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں