شہباز شریف کے خلاف ریفرنس جلد مکمل کر کے احتساب عدالت میں دائر کیا جائے.چیئرمین نیب کی ہدایت

خواجہ سعد رفیق نے نیب انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا‘ ڈی جی نیب لاہور مسلم لیگ (ن) کیخلاف فریق بن چکے ہیں . درخواست میں موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 13 نومبر 2018 16:13

شہباز شریف کے خلاف ریفرنس جلد مکمل کر کے احتساب عدالت میں دائر کیا جائے.چیئرمین نیب کی ہدایت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 نومبر۔2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کو ہدایت کی ہے کہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس جلد مکمل کر کے احتساب عدالت میں دائر کیا جائے. تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرِ صدارت نیب لاہور آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کو پیراگون اور آشیانہ اقبال سمیت دیگر ریفرنسز پر بریفنگ دی گئی.

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے پیراگون اسکینڈل میں نیب ٹیم کو مکمل تیاری کی ہدایت کی اور کہا کہ خواجہ برادران کی لی ہوئی حفاظتی ضمانت پر نیب اپنا بھرپور موقف دے.

(جاری ہے)

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہاو¿سنگ سوسائٹیز کے کیس ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش کیسوں میں مطلوب افراد جلد وطن لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں.

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں، نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا. چیئرمین نیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میگا کرپشن کیس منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی ترجیح ہے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، بد عنوان عناصر کو کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے. خیال رہے کہ گزشتہ روز اثاثہ جات کیس میں بینک کے نمائندے نے شہباز شریف کے اکاﺅنٹ کی تفصیلات نیب میں جمع کرا دی ہیں، نیب شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں سے متعلق اثاثہ جات کیس کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے.

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے نیب انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور سے تحقیقات واپس لے کر کسی غیر جانبدار افسر کے سپرد کی جائے. سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے خلاف نیب کی تحقیقات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور کی موجودگی میں ان کیخلاف تفتیش شفاف نہیں ہوسکتی.

خواجہ سعد رفیق نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں ڈی جی نیب لاہور پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا گیا ہے. انہوں نے چیئرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کو فریق بناتے ہوئے دعوی کیا کہ ڈی جی نیب لاہور مسلم لیگ (ن) کیخلاف فریق بن چکے ہیں جن کی موجودگی میں شفاف انکوائری کی امید نہیں ہے. خواجہ سعد رفیق نے الزام لگایا کہ ڈی جی نیب لاہور نون لیگ کے خلاف میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں اور ٹی وی پروگرام میں انکوائری کی اندرونی کہانیاں بیان کر رہے ہیں.

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انکوائری تبدیل کروانے کے لیے چیئر مین نیب کو درخواست دی لیکن ان کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا. خواجہ سعد رفیق نے استدعا کی کہ ان کیخلاف ڈی جی نیب لاہور سے انکوائری واپس لے کر کسی غیر جانبدار افسر کے سپرد کی جائے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں