نیب کو خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف اہم ثبوت مل گئے

خواجہ برادران ہی پیراگون سٹی کے مالک ہیں ناقابل تردید ثبوت حاصل کرلئے ہیں ، نیب

منگل 13 نومبر 2018 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) نیب کو خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف اہم ثبوت موصول ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہی پیراگون سٹی کے مالک ہیں، اس حوالے سے نیب نے اہم اور ناقابل تردید ثبوت بھی حاصل کر لیے ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران کے خلاف اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔

آشیانہ ہاسنگ اسکیم کی دو ہزار کینال اراضی بھی قانونی طور پر پیراگون سٹی کو دی گئی جو تین سے چار سال تک پیراگون سٹی کے انڈر رہی، پیراگون سٹی نے آشیانہ ہاسنگ سوسائٹی کی کچھ ااضی فروخت بھی کی۔ 2017 میں جب نیب نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا تو بچی ہوئی اراضی آشیانہ ہاسنگ سوسائٹی کو واپس کر دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خواجہ برادران نے پیراگون سٹی اسکینڈل میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے جس کی مدت کل ختم ہو رہی ہے ، اس حوالے سے نیب کا کہنا ہے کہ کل پیشی کے موقع پر خواجہ برادران کے خلاف اکٹھے کیے گئے شواہد مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش کر دئے جائیں گے، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والے شواہد کے مطابق خواجہ برادران براہ راست پیراگون سٹی کے مالک ہیں، اور ان کے فرنٹ مین کے طور ندیم ضیا اور قیصر امین بٹ کام کرتے ہیں جبکہ مالک خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہی ہیں۔

یاد رہے کہ نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں،کل ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد خواجہ برادران کی گرفتاری کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا جس پر 24 اکتوبر کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے خواجہ برادران کی ضمانت میں 14 نومبر تک کی توسیع کی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں