چئیرمین نیب نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی وجہ بتا دی

دیانت داری اور ایمانداری کانچ کی گڑیا نہیں ہے کہ وزیراعظم سے ایک ملاقات میں ٹوٹ جائے۔وزیراعظم عمران خان سے نیب کے فنڈز ریلیز کروانے کے لیے ملا تھا نہ ملتا تو نیب ملازمین کی تنخواہوں پر اثر پڑنا تھا۔چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 14 نومبر 2018 13:30

چئیرمین نیب نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی وجہ بتا دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2018ء) چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ دیانت داری اور ایمانداری کانچ کی گڑیا نہیں ہے کہ وزیراعظم سے ایک ملاقات میں ٹوٹ جائے۔وزیراعظم عمران خان سے نیب کے فنڈز ریلیز کروانے کے لیے ملا تھا۔نہ ملتا تو نیب ملازمین کی تنخواہوں پر اثر پڑنا تھا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے مابین ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے ملاقات پر شدید تنقید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا اس وقت جو حالات چل رہے ہیں اس تناظر میں یہ ملاقات اچھا تاثر نہیں چھوڑتی۔

تاہم آج جب صحافی کی طرف سے چئیرمین نیب سے اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے نیب کے فنڈز ریلیز کروانے کے لیے ملا تھا۔

(جاری ہے)

نہ ملتا تو نیب ملازمین کی تنخواہوں پر اثر پڑنا تھا۔اگر اس سلسلے میں عمران خان سے نہ ملتا تو اور کس سے ملتا؟۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب سے ملاقات میں قومی احتساب بیورو کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا فروغ چاہتے ہیں، بدعنوان وکرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نیب کو مزید مضبوط بنانے اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے چئیرمین نیب اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب میں اس وقت تحریک انصاف کے کئی رہنماوں کیخلاف تحقیقات چل رہی ہے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف بھی نیب کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں وزیراعظم عمران خان کو چئیرمین نیب سے ملاقات کرنے سے گریز کرنا چاہیئے تھا۔ اس ملاقات سے تاثر یہ جائے گا کہ حکومت نیب کیسز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسا ہرگرز نہیں ہونا چاہیئے، نیب کو ہر حالت میں غیر جانبدار رہنا چاہیئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں