احتساب عدالت نے فواد حسن فواد اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 نومبر تک توسیع کر دی

بدھ 14 نومبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 نومبر تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کی عدالت میں آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ آشیانہ ہاسنگ سکینڈل کیس میں ملوث ملزمان فواد حسن فواد، احد چیمہ، شاہد شفیق، بلال حیدر اور بلال قدوائی کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

فواد حسن فواد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کی گرفتاری کے وقت ان کی ذاتی اشیا بھی تحویل میں لے لی گئی تھیں۔ لہذاعدالت سے استدعا ہے کہ لیپ ٹاپ، موبائل فون، یو ایس بی سمیت دیگر اشیا واپس کی جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ کی جانب سے فواد حسن فواد اور احد چیمہ کے متعلق تمام قسم کے موبائل ڈیٹا، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ عدالت نے فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ملزموں کو واپس جیل بھجوا دیا۔ ملزمان کو دوبارہ 29 نومبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں