لاہورہائیکورٹ نے خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع کردی

بدھ 14 نومبر 2018 17:56

لاہورہائیکورٹ نے خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع کردی، عدالت نے تفتیش تبدیلی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ خواجہ برادران کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ کہ ڈی جی نیب سلیم شہزاد پارٹی بن چکے ہیں، وہ ن لیگ کے خلاف میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ڈی جی نیب کی موجودگی میں شفاف تحقیقات ممکن نہیں اس لیے تفتیش تبدیل کی جائے ۔

عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ چیئرمین نیب کوبھجوادیتے ہیں، اگرکوئی کارروائی بنتی ہے تو چیئرمین نیب خود کریں ۔خواجہ برادران کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست چیئرمین کوبھجوانے کی بجائے نیب سے جواب طلب کیاجائے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بیان دیا کہ اگر عدالت نوٹس جاری کرے تو نیب اپنا موقف دے گا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے قرار دیا کہ بتایا جائے کون سی شق کے تحت عدالت نیب کی تفتیش تبدیل کر سکتی ہے اس لیے یہ معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوا دیتے ہیں ہے تاکہ وہ اس پر فیصلہ کریں ۔

عدالت نے خواجہ برادران کی درخواست پر نیب اور پیمرا سے جواب طلب کر لیا۔عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں بھی 26 نومبر تک توسیع کردی ۔خواجہ سعدرفیق کی آمد کے موقع پر ن لیگی کارکنان بھی ہائیکورٹ میں موجود تھے، لیگی کارکنوں نے نعرے بازی کی جبکہ پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتطامات بھی کر رکھے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں