جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے کارکن ہیں اور اسی حیثیت سے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں،

نوازشریف کس حیثیت سے ن لیگ کے قائد بنے ہوئے ہیں، شہزاد اکبر احتساب سے متعلق اہم کام کررہے ہیں، پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی جارہی تھی‘پیپلز پارٹی کو ایک زرداری سب پر بھاری نے ہی نقصان پہنچایا‘ مشاہداللہ کو کسی بھی مقام پر مباحثے کاچیلنج کرتا ہوں، ان کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، پرویز الٰہی کی ویڈیو لیک ہونا پیمرا قوانین کے خلاف تھا صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 14 نومبر 2018 19:50

جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے کارکن ہیں اور اسی حیثیت سے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے کارکن ہیں اور اسی حیثیت سے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں جبکہ نوازشریف کس حیثیت سے ن لیگ کے قائد بنے ہوئے ہیں،شہزاد اکبر احتساب سے متعلق اہم کام کررہے ہیں، پہلی بار 5 ہزار جعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا‘ پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی جارہی تھی‘ اقامہ منی لانڈرنگ،کرپشن اور لوٹ مار کا ذریعہ ہے‘پیپلز پارٹی کو ایک زرداری سب پر بھاری نے ہی نقصان پہنچایا‘ مشاہداللہ کو کسی بھی مقام پر مباحثے کاچیلنج کرتا ہوں، ان کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، پرویز الٰہی کی ویڈیو لیک ہونا پیمرا قوانین کے خلاف تھا، میڈیا صرف کسی ایونٹ کی ویڈیو جاری کرسکتا ہے، کسی کے ذاتی کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو چلانا پیمرا قوانین کے تحت جرم ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز یہاں اپنے آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہزاد اکبر احتساب سے متعلق اہم کام کررہے ہیں، پہلی بار کسی حکومت میں 5 ہزار جعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سابق ملکی قیادت کرپٹ اور ان کی بیرون ملک جائیدادیں تھیں، پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی جارہی تھی، جب کوئی منی لانڈرنگ کا ذکر کرتا تو یہ اقامہ سامنے لے آتے ہیں، اقامہ منی لانڈرنگ، کرپشن اور لوٹ مار کا ذریعہ ہے،فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ آصف زرداری لوٹ مار،کرپشن اور زمینوں پر قبضوں میں ملوث ہیں، انہوں نے اپنا یہ نام پچھلے 25 سالوں میں کمایا ہے، پیپلزپارٹی اپنے لیڈر کو سمجھائے کہ اب ایان کے ذریعے پیسہ باہر نہیں بھجواسکتے، پیپلز پارٹی کو ایک زرداری سب پر بھاری نے ہی نقصان پہنچایا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشاہداللہ کو کسی بھی مقام پر مباحثے کاچیلنج کرتا ہوں، ان کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، انہوں نے تین چار مرلے کے مکان اور کلرکی سے سیاست کا آغاز کیا، وہ کسی فورم پر مباحثہ کرلیں ان کا کچہ چٹھہ عوام کے سامنے لاؤں گا،ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ علیمہ خان کبھی کسی سرکاری یا عوامی عہدے پر فائز نہیں رہیں، ان کے خلاف کوئی تحقیقات ہورہی ہے تو اس کو نہیں روکا، بیرون ملک حلال طریقے سے بھی جائیداد بنائی جاسکتی ہے، ضروری نہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں ناجائزہوں۔

فیاض چوہان نے کہا کہ نوازشریف کس حیثیت سے ن لیگ کے قائد بنے ہوئے ہیں جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، اسی حیثیت سے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں، کوئی ادارہ کسی سیاسی جماعت کے کارکن کوفارغ نہیں کرسکتا جبکہ میں نہیں سمجھتاکہ جہانگیر ترین کیخلاف کیس میں کوئی جان ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کی ویڈیو لیک ہونے سے متعلق کسی پر الزام نہیں لگایا گیا، کسی کی ذاتی ویڈیو کو لیک کرنا قانون کیخلاف ہے، ویڈیو کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کے آفس سے جاری نہیں کیا گیا، ایک خاندان میں بھی زبانی کلامی کئی معاملات سامنے آتے ہیں، اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ خاندان تباہ ہوگیا،انہوں نے مزید کہاکہ پرویز الٰہی کی ویڈیو لیک ہونا پیمرا قوانین کے خلاف تھا، میڈیا صرف کسی ایونٹ کی ویڈیو جاری کرسکتا ہے، کسی کے ذاتی کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو چلانا پیمرا قوانین کے تحت جرم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں