لاہور کے علاقہ ٹاؤن شپ سے میڈیکل کی طالبہ کی لاش برآمد

روم میٹ نے دروازہ کھولا تو روزینہ مُردہ حالت میں پڑی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 نومبر 2018 13:11

لاہور کے علاقہ ٹاؤن شپ سے میڈیکل کی طالبہ کی لاش برآمد
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2018ء) :لاہور کے علاقہ ٹاؤن شپ میں موجود نجی ہاسٹل سے میڈیکل کی طالبہ کی لاش برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ کے علاقہ میں نجی ہاسٹل سے ایک معروف نجی یونیورسٹی کی طالبہ کی لاش برآمد ہوئی جس پر شُبہ ظاہرکیا جا رہا ہے کہ طالبہ مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کرتی تھی اور اس کی موت نشے کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی۔

پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے بھجوادیا ہے۔ روزینہ نامی طالبہ سیالکوٹ کے رہائشی سائیں اختر کی صاحبزادی تھی۔ 24 سالہ روزینہ لاہور میں ایک معروف نجی یونیورسٹی میں میڈیکل کی طالبہ تھی اور ایک نجی ہاسٹل میں مقیم تھی۔ اس کی روم میٹ عروج گھر سے واپس آئی تو اس نے دوسری چابی سے فلیٹ کا دروازہ کھولا ، دروازہ کھولتے ہی عروج نے دیکھا کہ روزینہ صوفے پر مُردہ حالت میں پڑی ہے جس پر عروج نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پُر اسرار طور پر جاں بحق ہونے والی طالبہ کے جسم کو تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں۔ تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نے ہاسٹل کے مالک اور ساتھ کمروں میں موجود لڑکیوں کے بیانات قلمبند کر لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال بھجوادیا گیا ہے ، پوسٹمارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔

پولیس نے روزینہ کے لواحقین کو بھی اس کی موت سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روزینہ کی ساتھی روم میٹ عروج نے بتایا کہ روزینہ نشے کی عادی تھی اور اس کے بازؤں پر نشہ آور انجکشن کے نشانات بھی موجود ہیں تاہم حقائق پوسٹمارٹم اور فرانزک رپورٹس آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکیں گے۔ روزینہ کی پُر اسرار موت کی وجہ سے ہاسٹل میں موجود دیگر لڑکیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں