نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 3 مرلے کے گھر کے متوقع قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے ہو گی

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے گھروں کی قیمت بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 نومبر 2018 11:39

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 3 مرلے کے گھر کے متوقع قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے ہو گی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 نومبر 2018ء) : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملنے والے 3 مرلے کے گھروں کی قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے ہوگی۔ قتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے غریب عوام کے لیے گھروں کی تعمیر کو اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا جس کے بعد عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے 2 ماہ کے اندر ہی ''نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم'' منصوبے کی بنیاد رکھی جس کے بعد اب اس منصوبے میں شامل گھروں کی ممکنہ قیمت سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سستے گھروں کی تعمیر کے فنانشل ماڈل کے کیے سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 3 مرلے کا گھر 13 لاکھ روپے میں اور15 سے 20 لاکھ قرضہ دینے کی سفارشات کی تیاری جاری ہے۔ مستحق افراد کے لیے تعمیر کیے جانے والے سستے50 لاکھ گھروں کے فنانشل ماڈل کے حوالے سے اسلام آباد اور کراچی کے بعد پنجاب میں بھی 6 رکنی سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جس میں محکمہ ہاؤسنگ، پرائیویٹ ڈویلپر اور فنانشل ایکسپرٹ شامل ہوں گے جبکہ منظور احمد کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سب کمیٹی منصوبے کی مالیت، طریقہ کار، گھر کی فراہمی کے معاملات دیکھے گی، گھروں کی اقساط اور بینکوں کے معاملات کی نگرانی بھی کمیٹی ہی کرے گی۔ سب کمیٹی 2 ہفتوں میں مرکزی ٹاسک فورس کو رپورٹ کرنے کی پابند ہوگی۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ مستحق افراد کو 3 مرلے کا گھر 12 سے 13 لاکھ میں دینے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کو 15 سے 20 لاکھ قرضے کی سہولت بھی دیں گے۔ اب تک لاکھوں کینال اراضی لینڈ بینک میں آچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طریقہ کار وضع کر رہے ہیں کہ پہلے کس اراضی پر گھر بنائیں۔

یاد رہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کی خوب تشہیر ہونے اور اُمیدواروں کی جانب سے درخواستیں جمع کروانے کے بعد رواں ماہ ہی حکومت نے یہ اعلان کیا کہ اُمیدواروں کو اپنے گھر کی کُل لاگت کا 20 فیصد بطور ڈاؤن پے منٹ جمع کروانا ہو گا۔ جبکہ باقی 80 فیصد رقم حکومت کی جانب سے ادا کی جائےگی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ میاں محمود الرشید اور ہاؤسنگ منصوبے پر بنائی گئی ٹاسک فورس کے چئیرمین زیغم رضوی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں