حکومت اور نجی شعبے کو ملکر خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کرنی چاہیے ‘خواجہ شہزاد ناصر ،فہیم الرحمن سہگل

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) لبارڈ کے صدر پرویز ملک، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصراور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کرنی چاہیے کیونکہ یہ ملک کا سرمایہ اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لبارڈ میلہ 2018ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لبارڈ کے جنرل سیکریٹری محمد سعید خان، شائستہ پرویز ملک، احمر ملک، محمد عباس خان ، بائوبشیر اورپانچ ہزار سے زائد خصوصی بچے میلے میں شریک تھے۔ پرویز ملک نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود معاشرے کے ہر رکن کا فرض ہے، ترقی پذیر ممالک کی دس فیصد آبادی خصوصی افراد پر مشتمل ہے ، بقیہ نوے فیصد صحتمند افراد کو ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

خواجہ شہزاد ناصر اور فہیم الرحمن سہگل نے تجویز پیش کی کہ لبارڈ میلہ سال میں ایک کے بجائے دو مرتبہ منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد خداداد صلاحیتوں سے مالامال ہوتے ہیں، اگر ان پر توجہ دی جائے تو وہ معاشرے کے فعال رکن بن سکتے ہیں۔ خواجہ شہزاد ناصر اور فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ قانون کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے دوفیصد جبکہ پرائیویٹ ملازمتوں میں ایک فیصد کوٹہ مختص ہے، اس قانون پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں شعور و آگہی پیدا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں