محنت کشوں کے ذہین اور مستحق بچوںکو معروف تعلیمی اداروں سے اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں‘انصر مجید خان

مزدور طبقے کے بچوں کو آئی ٹی ، انجینئرنگ اور دیگر جدید علوم کی فراہمی میں نجی تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،مزدورں کے ان نجی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل بچے دنیا بھر میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں‘صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:44

محنت کشوں کے ذہین اور مستحق بچوںکو معروف تعلیمی اداروں سے اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں‘انصر مجید خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور محنت کشوں کے ذہین اور مستحق بچوںکو معروف تعلیمی اداروں سے اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے ، مزدور طبقے کے بچوں کو آئی ٹی ، انجینئرنگ اور دیگر جدید علوم کی فراہمی میں نجی تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،مزدورں کے ان نجی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل بچے دنیا بھر میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں نجی تعلیمی ادارے کامسیٹس یونیورسٹی کے ایڈوائزرخواجہ سہیل صفدر کی قیادت میںملاقات کرنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایڈوائزرہیومینٹیز شازیہ چاند،رجسٹرار ڈاکٹر رشید احمد خان،راناعبدالسمیع خان کے علاوہ محکمہ لیبر اور ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب کے اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے امور اور اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے ایڈوائزرکامسیٹس خواجہ سہیل صفدر نے وزیرمحنت کو بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میںمحنت کشوں کے 1500بچے مخصوص30فیصد کوٹے کے تحت مفت اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کے 2500سے زائد بچے یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرکے پاکستان اور بیرون ملک اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔وزیر محنت انصر مجید خان نے کہا کہ مزدور طبقے کے بچوں کو اعلی تعلیم کے حصول میں یونیورسٹی شاندار کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ میںتمام انتظامی امور پر مکمل مفاہمت پائی جاتی ہے۔

انصر مجیدخان نے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان کی بہترین آئی ٹی اور تحقیقی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے اور وہ جلد یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ایڈوائزر یونیورسٹی خواجہ سہیل صفدر نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تحت اٹک،وہاڑی اورساہیوال کے کیمپس میں بھی طلبا وطالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبہ جات میں اعلی ترین تعلیم دیگر یونیورسٹیوں سے نسبتا کم فیس میں فراہم کی جارہی ہے۔

لاہور میں یونیورسٹی کا کیمپس پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی 185ایکڑ اراضی پر قائم ہے جس کی بلڈنگ بھی پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ہی بنائی ہے۔دریں اثناء وزیر محنت انصر مجید خان سے بینک آف پنجاب ایمپلائز یونین آف پاکستان رجسٹرڈ(CBA)کے عہدیداران کے وفدنے بھی ملاقات کی۔چیف آرگنائزر ملک محمد حسین،جنرل سیکرٹری چوہدری محمد فاروق،صدر پنجاب بینک (سی بی اے ) کمال اصغر کہوٹ وفد میں شامل تھے۔

آل پاکستان ورکرز اتحاد فیڈریشن کے صدررانا عبدالسمیع خان بھی اس موقع پر موجو دتھے۔بینک آف پنجاب ایمپلائز یونین آف پاکستان کے عہدیداران نے وزیر محنت انصر مجید سے درخواست کی کہ وہ سال2005میں یونین کے 5مرکزی عہدیداران کی برطرفی اور آزاد کشمیر ٹرانسفر کئے جانے والے 8عہدیداران کی ٹرانسفر کے غیر قانونی احکامات کے مسئلے کو حل کرنے میں تعاون کریں۔وزیر محنت نے یونین لیڈرز کے جائز مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کوفوری طور پر احکامات صادر کر دئیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں