مارچ تک جھاڑو پھرجائے گی، فالودے اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل میں ہوں گے‘شیخ رشید

عمران خان بہترین انداز میں کام رہے ہیں ،جتنی محنت کررہے ہیں اتنی کسی کے بس میں نہیں ،صدر مملکت کو منصب کے مطابق پروٹوکول مل رہا ہے پاکستان ریلوے 6ٹرینیں چلاچکا ،مزیڈ چار ٹرینوں کا افتتاح 23نومبر کو وزیر اعظم عمران خان کریں گے ،اگلے ہفتے چائنہ کے ڈپٹی منسٹر سی پیک کے حوالے سے بات کرنے پاکستان آرہے ہیں‘وفاقی وزیر ریلویز کی پریس کانفرنس

ہفتہ 17 نومبر 2018 19:12

مارچ تک جھاڑو پھرجائے گی، فالودے اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل میں ہوں گے‘شیخ رشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ سال مارچ تک جھاڑو پھرجائے گی، فالودے اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل کا خام مال ہیں یہ لوگ جلد جیل میں ہوں گے، عمران خان بہترین انداز میں کام رہے ہیں ،وہ جتنی محنت کررہے ہیں اتنی کسی کے بس میں نہیں ہے،پاکستان ریلوے 100دن کے ٹارگٹ میں 10ٹرینیں چلانے کا ہدف پوراکرے گااس سلسلے میں پاکستان ریلوے 6ٹرینیں چلاچکاہے اورمزیڈ چار ٹرینوں کا افتتاح 23نومبر کو وزیر اعظم عمران خان کریں گے ،اگلے ہفتے چائنہ کے ڈپٹی منسٹر سی پیک کے حوالے سے بات کرنے پاکستان آرہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ 155 سب انجینئرزکی خالی آسامیوں کی بھرتیوں کا اشتہار اخبار میںدے چکے ہیں اور 9 دسمبر سے آگے اس کی تاریخ میں اضافہ نہیں کیا جائیگا۔11 ہزار خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے 21 نومبر کو اشتہار شائع ہوجائے گا جس کی آخری تاریخ 11دسمبر ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معذوروں کی سہولت کے لیے ٹرین میں سوار ہونے کے لیے اسٹیشنوں پر سپیشل ٹرالی کے علاوہ ٹرینوں میں معذوروں کے لیے باتھ روم بنائے جائیںگے۔ وزیر ریلوے نے سٹوڈنٹس کے لیے 25دسمبر کی چھٹیوں میں 25دسمبر سے 10 جنوری تک ٹرینوں میں50فیصد ڈسکائونٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ سندھ میں روہڑی کے لیے بڑا پروجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیںجس میں ایک نیا ریلوے اسٹیشن اور نیا پلیٹ فارم تیار کیاجائیگا اور ان کے ساتھ 100 دکانوں پر مشتمل پلازہ تعمیر کیا جائے گا جس سے اسٹیشن کا خرچہ نکل آئے گا کیونکہ ریلوے کی سب سے زیادہ ٹرینیں روہڑی اسٹیشن پر رُکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے 100دن کے ٹارگٹ میں 10ٹرینیں چلانے کا ہدف پوراکرے گااس سلسلے میں پاکستان ریلوے 6ٹرینیں چلاچکاہے اورمزیڈ چار ٹرینوں کا افتتاح 23نومبر کو وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کریں گے جن میں سندھ ایکسپریس کراچی سے سکھر ، شاہ عبدالطیف بھٹائی ایکسپریس کراچی تا میرپورخاص ، لاہورفیصل آباد نان سٹاپ لاہور سے براستہ فیصل آباد ملتان تک اور اسی طرح رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے کراچی کے لیے چلائی جائے گی ۔

چوتھی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس کے 2ریک تیار ہیں 25دسمبر اجراء کی تاریخ رکھی ہوئی ہے جس میں دوچار دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں۔ فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کے بعد اب تعداد 8 سے بڑھ کر 10ہوچکی ہے۔ ایک فریٹ ٹرین 25 دسمبر اور دوسری جنوری کے آخر میں چلائی جائے گی۔ ڈی ریلمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کچھ دنوں سے ڈی ریلمنٹ کی شکائتیں آرہی ہیں اُس کے اوپر ہم نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویزدوست علی ، چیف مکینیکل انجینئر لوکو شاہد عزیز اور چیف انجینئر اوپن لائن نثار میمن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو میرے دور میں ہونے والی ڈی ریلمنٹ پر ہونے والی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں گے اور جو بھی قصور وار ہوگا اس کے خلاف ریلوے قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔

جن ریلوے آفیسرز کی فیلڈڈیوٹی ہے وہ 8 سے 10دن فیلڈ میں جاکر کام کریں گے خواہ وہ ریلوے کے کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوںاور جو آفیسر اپنی فیلڈ ڈیوٹی پوری نہیں کرے گا وہ اس عہدے کا حقدار نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم شالیمار ہسپتال ، رائل پام اور بزنس ٹرین کا کیس جو نیب اور سپریم کورٹ میں چل رہے ہیں اس سلسلے میں ہم نیب اور سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے کیسز کا فوری فیصلہ کیاجائے اور ریلوے کو اُس کا حق دلایا جائے تاکہ اس کے خسارے میں کمی ہو اور ریونیو میں اضافہ اور قومی ادارے سے انصاف ہوسکے ۔

ریلوے کی ذیلی کمپنیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ریل کاپ کی کارکردگی سب سے بہترنظرآئی ہے اُس نے ہمیں پچاس کروڑ روپے کا منافع دیا ہے ہم نے ریل کاپ کواس سا ل ایک ارب روپے کمانے کا ٹارگٹ دیاہے۔ وزیر ریلوے نے چائنہ کے کامیاب دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے چائنہ کے ڈپٹی منسٹر سی پیک کے حوالے سے بات کرنے پاکستان آرہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں عمران خان نے یوٹرن والی بات کس سوال کے جواب میں کہی ، عمران خان بہترین انداز میں کام رہے ہیں عمران خان جتنی محنت کررہے ہیں اتنی کسی کے بس میں نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار احمد نہ پی ٹی آئی میں جارہے ہیں اور نہ ہی (ن) لیگ میں جارہے ہیں، چند روز قبل چوہدری نثار سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ میں نے اس سے متعلق ٹھیک بات کہی، اگر اس وقت چوہدری نثار میری بات مان لیتے تو کم از کم 40 ارکان ساتھ ہوتے۔فواد چوہدری سے متعلق انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات بالکل ٹھیک کام کررہے ہیں جب کہ صدر مملکت کو ان کے منصب کے مطابق پروٹوکول مل رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں