گرین ٹاؤن میں 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی، بینک کا سکیورٹی گارڈ ڈاکوؤں سے مل گیا

ڈولفن فورس نے عین موقع پر پہنچ کر بینک لُوٹنے کی کوشش ناکام بنا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 نومبر 2018 14:43

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2018ء) : لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں موجود سونیری بینک کے گارڈ نے ڈاکوؤں سے مل کر بینک کا صفایا کردیا لیکن ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے عین موقع پر پہنچ کر ملزمان کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن میں نجی بینک کے باہر چار مشکوک افراد موجود تھے کہ کسی نے ڈولفن فورس کو آگاہ کر دیا۔ اس سے پہلے کہ فورس کے جوان پہنچتے چاروں ڈاکو بینک میں داخل ہو گئے ، ملزمان کا ساتھ دینے والا کوئی اور نہیں بلکہ اسی نجی بینک کا سکیورٹی گارڈ صداقت تھا۔

ڈاکوؤں نے انتہائی مہارت کے ساتھ پہلے بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے کیا۔ پھر بینک کے سکیورٹی گارڈ صداقت سے مل کر بینک لاکرز کے تالے توڑے اور9 کروڑ روپے مالیت کی ملکی اور غیرملکی کرنسی اور طلائی زیورات ساتھ لائے بیگز میں بھر لیے۔

(جاری ہے)

ملزمان رقم اور طلائی زیورات لے کر فرار ہونے ہی والے تھے کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے بینک کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا۔

ڈولفن فورس کے اہلکار بینک میں داخل ہوئے اور مقابلے کے بعد چاروں ملزمان اور بینک کے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔ ڈکیتی کے دوران گرفتار ہونے والے تمام ملزمان کا تعلق خیبرپختونخواہ سے ہے۔ کمال حسین ، مظہر علی ، سید محمد پارا چنار اور احمد شاہ کا تعلق پشاور اور سکیورٹی گارڈ صداقت کا تعلق ہنگو سے ہے۔ ڈکیتی کے یہ بڑی واردات ناکام بنانے پر ایس پی ڈولفن اسکواڈ بلال ظفر نے ڈولفن اور پیرو کی ٹیموں کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔ اس فوٹیج کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں