چیف جسٹس ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹائون پر دوبارہ تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دیدیا

پیر 19 نومبر 2018 15:36

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹائون پر دوبارہ تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دیدیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹائون کی دوبارہ تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹان کیس کی سماعت ہوئی۔ طاہر القادری عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق آئی جی مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد ہمارا کیس زیرو پر آگیا ہے، ہماری استدعا ہے کہ کیس کی ازسرنو تفتیش کے لئے دوبارہ جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

نیب کے زیر حراست شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل نے پیش ہوکر کہا کہ کیس کی تیاری کے لیے وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے نئی جے آئی ٹی کے قیام کے لئے سپریم کورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ بنچ میں ان کے اور جسٹس آصف سعید کھوسہ سمیت 5 جج صاحبان شامل ہوں گے، بنچ میں دیگر صوبوں کی نمائندگی بھی ہوگی اور 5 دسمبر سے کیس کی سماعت شروع ہوگی۔

سانحہ ماڈل ٹائون میں جاں بحق تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے سپریم کورٹ میں واقعے سے متعلق درخواست دائر کی تھی جس پر چیف جسٹس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوٹس لیا تھا۔ عدالت نے اس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ، ن لیگی رہنما عابد شیر علی سمیت 139 نامزد افراد کو نوٹس جاری کیے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں