حکومت اپنے موجودہ دور اقتدار میں ملکی معیشت کو بہتر سطح پر لے جائے گی ،

ملکی برآمدات میں تاریخ ساز اضافہ ہو گا ، سابق حکومتوں نے احتساب کے نام پر ملک کو لوٹا اور غریب عوام کی خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا ، موجودہ حکومت عوام کی خوشحالی‘ قانون کی حکمرانی‘غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے گی ، وفاقی وزیر تعلیم ‘ پروفیشنل ٹریننگ قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود کی فیض انٹرنیشنل فیسٹیول میں منعقدہ مکالمے میں گفتگو

پیر 19 نومبر 2018 16:00

حکومت اپنے موجودہ دور اقتدار میں ملکی معیشت کو بہتر سطح پر لے جائے گی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) وفاقی وزیر تعلیم‘پروفیشنل ٹریننگ‘قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت اپنے موجودہ دور اقتدار میں ملکی معیشت کو بہتر سطح پر لے جائے گی جبکہ ملکی برآمدات میں تاریخ ساز اضافہ ہو گا،سابق حکومتوں نے احتساب کے نام پر ملک کو لوٹا اور غریب عوام کی خوشحالی کے لئے کچھ نہیںکیا تاہم موجودہ حکومت عوام کی خوشحالی‘ قانون کی حکمرانی‘غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔

وہ اتوار کے روز الحمراء ہال میں چوتھے فیض انٹرنیشنل فیسٹیول میں’’پاکستان دی وے فارورڈ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مکالمے میں گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صدر حاصل بزنجو‘پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء چوہدری منظور حسین‘مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر نزہت صادق اور بشریٰ گوہر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت نظام تعلیم میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے، ملک میں تعلیمی نظام کی بہتر ی کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائیگا،انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائیگا،انہوں نے کہاکہ ہمیں ریاست کو خاص سمت کی طرف لے کر چلنا ہے جس کیلئے ریاستی اداروں کو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت اڑھائی کروڑ بچہ تعلیم سے محروم ہے جس کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،وفاقی وزیر نے کہا کہ بد قسمتی سے ملکی وسائل کو بڑی بے دردی سے لوٹا گیا‘ملک سے جعلی اکائونٹس کے ذریعے پیسہ باہر بھجوایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی 36 فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے‘95 ارب ڈالر ملک پر بیرونی قرضہ ہے‘ایسی صورتحال میںہمیں اپنی سوچ کو آگے لے کر جانا چاہیے اور بنیادی مسائل کی طرف توجہ دینی چاہیے،انہوں نے کہاکہ ملک میں غربت سابقہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے ہے‘گزشتہ 10 سالوں کے دوران بلوچستان میں 15 سو ارب روپیہ وفاق کی طرف سے ٹرانسفر ہوالیکن افسوس کی بات ہے بلوچستان میں ترقی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی‘صوبہ سندھ میں 3ہزار ارب روپے منتقل ہوئے جو کرپشن کی نظر ہو گئے،پشاور میں گزشتہ 5 سالوں میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بے پناہ ترقیاتی کام کروائے، شفقت محمود نے کہا کہ جب سیاسی جماعتیں اقتدار میں ہوتی ہیں تو اقتدار کے مزے لوٹتی ہیں اور جب اپوزیشن میں آتی ہیں تو موجودہ حکومت کے کاموں کو بے وجہ تنقید کا نشانہ بناتی ہیں، اس موقع پر حاصل بزنجو‘سینیٹر نذہت صادق اور بشریٰ گوہر نے بھی اظہار خیال کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں