سعودی عرب سے ایک ارب ڈالرپاکستان کو موصول ہوگئے

سعودی عرب سے مزید2 ارب ڈالرآئندہ دو روز میں موصول ہو جائیں گے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک کی تصدیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 نومبر 2018 19:00

سعودی عرب سے ایک ارب ڈالرپاکستان کو موصول ہوگئے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 نومبر 2018ء) سعودی عرب سے ایک ارب ڈالرکی امداد پاکستان کو موصول گئی ہے، ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مزید 2 ارب ڈالر بھی آئندہ دو روز میں موصول ہو جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان کو مالی بحران سے باہر نکالنے کی بھاگ دوڑ نے کام دکھانا شروع کردیا۔ پاکستان کوسعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج کی مد میں پہلی قسط موصول ہوگئی ہے۔

پاکستان کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب ڈالر موصول ہوئے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک نے سعودی عرب کی جانب سے امداد کی رقم منتقل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مزید 2 ارب ڈالر بھی آئندہ دو روز میں موصول ہو جائیں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سعودی امداد کی اگلی قسطیں آئندہ2 ماہ تک حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو معاشی اور مالی بحران سے نکالنے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

جس میں سعودی عرب نے پاکستان کو ادھار تیل اور مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان امدادی قرض لینے کیلئے چین کا بھی دورہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ چین نے پاکستان کو توقعات سے بڑھ کر امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اسی طرح اب وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی محل آمد پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

جس کے بعد عمران خان نے ولی عہد شیخ ‌محمد بن زید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ‌باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہرقسم کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی یو اے ای کے ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ملکوں کا تربیت ، مشترکہ مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری اوردیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النیہان پاکستان کے سچے دوست تھے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید النیہان نے کہا کہ عرب امارات علاقائی اورعالمی سطح پربرداشت کی اقدارکوفروغ دے رہا ہے۔ پاک عرب امارات تعلقات تعاون وعزت واحترام کے مضبوط رشتے پرمبنی ہیں۔ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورشہزادہ محمد بن زید نے 19فروری کومشترکہ وزارتی کمیشن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وزارتی کمیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان اوریو اے ای کے وزرائے خارجہ کرینگے۔دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ زیرالتواء معاہدے جلد فائنل کرنے کیلئے اقدامات کرینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں