آئی جی آفس پنجاب پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار 9اسٹینو گرافرز جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

منگل 20 نومبر 2018 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) احتساب عدالت نے آئی جی آفس پنجاب پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار 9اسٹینو گرافرز کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ نیب لاہور کی جانب سے گرفتار 9اسٹینو گرافرز راشد محمود، عبدالقیوم، محمودالحسن ،محمد شاہد امین ،عابد مقبول، یاسر علی، ریحان انور، محمد نعیم اور فیصل مشتاق کو جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا ۔

نیب پراسکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے دلائل دیئے کہ مذکورہ کیس میں نیب پولیس کے اعلی افسران کو تحقیقات کیلئے پہلے بھی طلب کر چکا ہے، پنجاب پولیس میں مجموعی طور پر 272 اسٹینو گرافرز کی بھرتیاں ہوئیں تھیں،22 اسٹینو گرافر قواعد سے ہٹ کر غیرقانونی طور پر بھرتی کئے گئے ،تمام ملزمان کی بھرتیوں کا عمل 2013 ء میں مکمل کیا گیا،نیب حکام 7 اسٹینو گرافرز کی گرفتاری پہلے عمل میں لا چکا ہے،7ملزمان محمد آصف، عمران، طارق وغیرہ کو احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے جبکہ 9 گرفتار شدہ ملزمان کی ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منسوخی پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزمان کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔ عدالت نے 9 ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کو 4 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں