بابا گورو نانک دیو جی جنم دن، سکھ یاتری( کل ) پاکستان آئیں گے

منگل 20 نومبر 2018 17:31

بابا گورو نانک دیو جی جنم دن، سکھ یاتری( کل ) پاکستان آئیں گے
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کیلئے ہمسایہ ملک بھارت سے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتری کل 12ربیع الاول کو پاکستان آئیں گے ، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان ، سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر، پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی سردار تارا سنگھ دیگر پاکستانی سکھ رہنماء اور افسران کے ہمراہ یاتریوں کا استقبال کریں گے ، لاہور پہنچنے کے بعد یاتری مرکزی تقریبات کیلئے ننکانہ صاحب روانہ ہو جائیں گے جہاں پہلے ہی دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری پہنچ چکے ہیں، چیئرمین بورڈ طاہر احسان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں یاتریوں کی سفری سہولیات،میڈیکل ، ٹرانسپورٹ ،کھانے پینے رہائش اور سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں، ہم اس مقدس مہینے میں آنے والے مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی کریں گے ، سیکرٹری بورڈ طارق وزیر نے بتایا کہ گورو دوارہ جنم استھان کو بہترین اور خوبصورت انداز میںسجایا گیا جسکو دیکھ کر یاتری خوش ہوں گے ، ڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل کے مطابق سکھ یاتری واہگہ بارڈر سے سپیشل ٹرین کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب جائیں گے اور قیام کریں گے ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران 22نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد یاترا کے بعد واپس جنم استھان ننکانہ صاحب قیام کریں گے ، مرکزی تقریب 23 نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی اور اقلیتی رہنماء شریک ہوں گے اور اس سلسلہ میں گوردورہ جنم استھان کو خوبصورت روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے ، سکھ یاتری 24نومبر کو بذریعہ سپیشل ٹرین گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے اور ایک روز قیام کے بعد 26 نومبر کو گوردورہ ڈیرہ صاحب لاہورآئیں گے، ایک روز قیام کے بعد 28نومبر کو یاتر ی گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال کا دورہ کریں گے اور واپس لاہور آئیں گے، سکھ یاتری30نومبر کوسپیشل ٹرین کے ذریعے واپس بھارت چلے جائیں گے ، علاوہ ازیں بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے ا نتظامات کے حوالے سے پاکستان سکھ گرودوارہ پر بندھک کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین بورڈ منعقد ہوا ، جس میں سیکرٹری بورڈ سمیت چاروں صوبوں سے ممبران سکھ رہنمائوں نے شرکت کی اور جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے بورڈ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے اپنے ہر قسم کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور انتظامی امور کی بابت متفقہ طور پر اہم فیصلے کئے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں