وزیر صحت پنجاب نے غذائی کمی کا شکار بچوں کی2 بحالی مراکز کا افتتاح کردیا

سٹیبلائزیشن سنٹر کاہنہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کئے گئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی، لیبر روم اور نیورو وارڈ کا بھی معائنہ کیا

منگل 20 نومبر 2018 18:43

وزیر صحت پنجاب نے غذائی کمی کا شکار بچوں کی2 بحالی مراکز کا افتتاح کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے غذائی کمی کا شکار بچوں کی2 بحالی مراکز کا افتتاح کردیا۔ یہ سٹیبلائزیشن سنٹر کاہنہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کئے گئے ہیں۔ بحالی مراکز حالیہ سروے میں غذائیت کا شکار افراد کی نشاندہی کے بعد قائم ہوئے ہیں۔ وزیر صحت نے کاہنہ بحالی مرکز میں غذائی سپلیمنٹ سے تندرست ہونے والے بچوں سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر گفتگو میں انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں سٹیبلائزیشن سنٹرز کی تعداد42 سے بڑھا کر 52 کر دی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں بحالی مراکز کی تعداد 100 تک بڑھانے کا پروگرام شروع کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں میں غذائی کمی ایک توجہ طلب مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

غذائی کمی کی ایک اہم وجہ عوام کا متوازن غذا سے متعلق معلومات سے لاعلم ہونا ہے۔

بچے کی زندگی کے پہلے دو سالوں میں متوازن غذا کا استعمال نشوونما کے لئے لازمی ہے۔بعدازاں ڈاکٹر یاسمین راشد نے جنرل ہسپتال کا دورہ کر کے شعبہ ایمرجنسی، لیبر روم اور نیورو وارڈ کا معائنہ کیا۔ پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (پی جی ایم آئی)پروفیسر محمد طیب اور ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بریفنگ دی۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ شعبہ نیورالوجی کے مریضوں پر ہسپتال میں خصوصی توجہ دی جائے۔

جنرل ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھنے پر سٹریچرز اور وہیل چیئرز میں بھی اضافہ کیا جائے۔ اس دوران وزیر صحت کی زیر صدارت پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی اکیڈمک کونسل کا بھی اجلاس ہوا ۔ فیکلٹی ارکان سے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ جنرل ہسپتال اور نیورولوجی انسٹی ٹیوٹ کو پنجاب میں پہلی بار آٹومیشن سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ آٹومیشن ماڈ میں کاغذ کا استعمال بند کردیا جائے گا اور کمپیوٹر اور آن لائن سسٹم کے ذریعے تمام افعال انجام دیے جائیں گے۔ اگلے مرحلے میں جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں کو خودکار نظام سے منسلک کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں