ْوزیر صحت پنجاب کا پی جی ایم آئی سے منسلک طبی تعلیمی اداروں کو اراضی دینے کی یقین دہانی

وزیر اعظم کا ویژن ہر شہری کی بلا امتیاز خدمت ہے ، جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے پروٹوکول کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ‘ڈاکٹر یاسمین راشد ایمرجنسی و دیگر شعبوں میں طبی سہولتوں ،سکیورٹی اور صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار، تمام ہسپتالوں میں جلد ایوننگ آؤٹ ڈور شروع کرینگے ایل جی ایچ کو صوبے کا مثالی ادارہ بنانے کیلئے ڈاکٹروں و دیگر طبی عملے کے تعاون سے کوششیں جاری رکھی جائیں گی‘ پرنسپل پروفیسر محمد طیب

منگل 20 نومبر 2018 18:48

ْوزیر صحت پنجاب کا پی جی ایم آئی سے منسلک طبی تعلیمی اداروں کو اراضی دینے کی یقین دہانی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ، امیر الدین میڈیکل کالج کے کیمپس و ہاسٹلز او ر جنرل ہسپتال کی رہائشی کالونی و دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پوراکرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ ان سے وابستہ افراد کو بہتر سے بہتر ماحول میسر ہو سکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

قبل ازیں ایل جی ایچ کے اچانک دورے کے موقع پر انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں سے بات چیت کی اور ان سے وہاں دی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں ،ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل سٹاف کے رویے اور ادارے کے عمومی حالات کے بارے میں دریافت کیا جس پر انہیں اطمینان بخش رپورٹ دی گئی ، اسی دوران پرنسپل پروفیسر محمد طیب اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمودصلاح الدین بھی پہنچ گئے اور انہوں نے صوبائی وزیر صحت کو ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے دورے کے موقع پر شعبہ حادثات میں مریضوں اور اُن کے لواحقین کی آمد ورفت جاری رکھنے پر ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق کو شاباش دی۔اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد عمران خان کا ایجنڈہ اور ویژن لوگوں کی بلا امتیاز خدمت ہے جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے پروٹوکول کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال سارے ملک کی علاج گاہ ہے جہاں شام کے وقت بھی سینکڑوں شہریوں کو علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی جاتی ہیں ۔ وزیر صحت نے اعلان کیا کہ جلد ہی صوبے کے دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی آؤٹ ڈور کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو مزید سہولتیں حاصل ہو سکیں ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور جنرل ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے امور کو بھی تسلی بخش قرار دیا اور پرنسپل اور ایم ایس کو ادارے کا معیار اسی طرح برقرار رکھنے کی ہدایت کی ۔

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں بہتری لانے کیلئے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رہتا ہے اور ڈاکٹروں وسٹاف کی حاضری سے لے کر مریضوں کی خدمت کیلئے کسی معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس ہسپتال کو صوبے کا مثالی ادارہ بنانے کیلئے ڈاکٹروں و دیگر طبی عملے کے تعاون سے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں