معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے،عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں‘سردار عثمان بزدار

عوامی مینڈیٹ پر پورا اترینگے،اقتدار کے ایوانوںمیں سادگی کو فروغ دیا ہے ، آغاز عمران خان نے خود مثال قائم کرکے کیا تحریک انصاف کی حکومت وی آئی پی کلچر کیخلاف ہے اور ملک کو درست سمت پر ڈال کر نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے مسائل ضرور ہیں مگر عوامی بہبود کا تحریک انصاف کا عزم مستحکم اور قوی ہے ، عوام کو مایوس نہیں کرینگے،وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیر پٹرولیم کی قیادت میں راولپنڈی کے اراکین اسمبلی کی ملاقات،ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

منگل 20 نومبر 2018 18:59

معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے،عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں‘سردار عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان کی قیادت میں راولپنڈی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ،جس میں فلاح عامہ کے کاموں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اوروہ صرف عوامی خدمت ہی-عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے جبکہ مشاورت سے مسائل کی نشاندہی کے بعدجامع پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے ہیں۔عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں - تحریک انصا ف کی قیادت عوامی مینڈیٹ پر پورا اترے گی-انہوںنے کہا کہ اقتدار کے ایوانوںمیں سادگی کو فروغ دیا ہے اور اس کا آغاز وزیراعظم عمران خان نے خود مثال قائم کرکے کیا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی حکومت وی آئی پی کلچر کے خلاف ہے اور ملک کو درست سمت پر ڈال کر نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔

نئے پاکستان کی تعمیر ایک کٹھن اور مشکل مرحلہ ہے جس میں کامیابی کا واحد راستہ خلوص نیت سے عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ نیا پاکستان ہم سب نے مل کر بنانا ہے اور ایسے اقدمات کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کو تبدیلی نظر بھی آئے گی۔ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں تحریک انصاف کی حکومت دن رات کام کر رہی ہے اور عوام کی خدمت کے علاوہ ہماری کوئی اور دوسری ترجیح نہیں ہے، عوام کو ان کو حق دلایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام، کام اور صرف کام کرنا ہو گا تاکہ عوام کو ریلیف اور سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صدق دل سے عوام کی خدمت میں مصروف ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ مسائل ضرور ہیں اور ان کی بنیادیں اور جڑیں کافی گہری ہیں مگر عوامی بہبود کا تحریک انصاف کا عزم مستحکم اور قوی ہے ۔ عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعار ف کرایا جا رہا ہے جو حقیقی انداز میں عوام کے مسائل کے حل میں مدد گا ر ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عوام کو اہل اقتدار کے ایوانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ان کی مرضی کے مطابق حل کئے جائیں گے اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کیلئے عوام نے تحریک انصا ف کو ووٹ کی طاقت سے خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختصر وقت میں ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جو پہلے کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا ناسور ہے ، کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی ر ابطہ رکھیں اوراپنے علاقے میںجاکر عوامی مسائل حل کریں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے اس موقع پر کہا کہ عوامی وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں اور پنجاب عمران خان کے تبدیلی کے وژن پر پوری طرح عملدرآمد کر رہا ہی-انہوںنے کہا کہ ٹیم کی قیادت ایک ایسے سیاست دان کے پاس ہے جو عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہی رکھتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے اراکین صوبائی اسمبلی ا مجد محمود چوہدری، عمار صدیق خان،چوہدری محمد عدنان، چوہدری ساجد محمود،لطاسب ستی،عابدہ راجہ، ملک تیمور مسعود، راجہ صغیر، عمر تنویر بٹ، واثق عباسی ،چوہدری جاوید کوثراوردیگر شامل تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں