وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد

خاتم الانبیاء، محسن انسانیت حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے‘عثمان بزدار

منگل 20 نومبر 2018 19:12

وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم الانبیاء، محسن انسانیت حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

محسن انسانیت حضرت محمد ؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ رسول اکرمؐ کی مثالی طرز حکمرانی سے دنیا کی بہترین اسلامی فلاحی ریاست ’’مدینہ‘‘ قائم ہوئی لیکن آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مثالی ریاست مدینہ کی جھلک ہمہ وقت ہمارے سامنے ہو تاکہ ہم اپنے مسائل کو اٴْسوئہ حسنہ کی روشنی میں حل کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نبی آخرالزماںؐ نے امن وآشتی، اخوت، احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا ۔ حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ،زیادتی،ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اورآپ ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکرپاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔

بدامنی اوردہشت گردی کی آگ میں جلتی انسانیت کو آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیراہوکر ہی امن و سکون مل سکتا ہے ۔ آپ ؐکی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے اور سرورِ کونین حضرت محمدؐ کی بعثت سسکتی اور مرجھائی ہوئی انسانیت کیلئے ابربہار کی حیثیت رکھتی ہے۔

نبی اکرم ؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمتِ عملی کی روشنی میں حل کر یں ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔آج کے دن ہمیں ملک کی تعمیروترقی، بقاء،استحکام ، امن اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ؐکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضور اقدسؐ کی شفاعت نصیب فرمائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں