کم آمدنی والے لوگوں کو چھت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، میاں محمود الرشید

منگل 20 نومبر 2018 20:04

کم آمدنی والے لوگوں کو چھت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، میاں محمود الرشید
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے لوگوں کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان بہت جلد لودھراں میں سستی ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات یہاں لودھراں سرکاری دفاتر کے کمپلیکس کے قریب ہاؤسنگ سکیم کی جگہ کامعائنہ کرنے کے بعد معززین شہر سے غیر رسمی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکز ی رہنما جہانگیر خان ترین، میاں شفیق آرائیں ایم این اے، نذیر خان بلوچ ایم پی اے، پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نواب امان اللہ خان، ڈاکٹر شیر محمد اعوان، طاہر امیر خان غوری، رانا ارسلان، ڈپٹی کمشنر راؤ امتیا زاحمد، ڈی پی او جمیل ظفر ملک سمیت ڈائریکٹر پھاٹا ملتان ریجن طاہر انصاری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ہم نے ہاؤسنگ سکیم کو بہت سستا بنانے کیلئے بینکوں سے لون سسٹم کا ہوم ورک بھی مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے ہاؤسنگ سکیم بارے مزید بتاتے ہوئے کہاکہ ہم نے لینڈ بنک بنا لیا ہے۔ مختلف شہروں میں سرکاری زمین کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم ہاؤسنگ سکیم کے سارے تعمیراتی عمل کو نہایت شفاف بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نیا پاکستان کے تحت ہاؤسنگ اتھارٹی کا کام ریگولیٹری اور مانیٹرنگ کا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سیکٹر کے ڈویلئپرز سے بات چیت چل رہی ہے جن کے ذریعے سے تیز رفتاری سے کام کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نیا سال شروع ہوتے ہی حکومت لودھراں کے غریب لوگوں کو اپنے گھروں کا تحفہ دیں گے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ ہم بلدیاتی سسٹم کو ٹھیک کررہے ہیں تاکہ نچلی سطح تک لوگوں کی بہتر انداز میں خدمت ہو سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ متیا ز احمد نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہاؤسنگ سکیم کے محل و قوع کے حوالے سے اہمیت سے آگاہ کیا۔۔قبل ازیں ڈائریکٹر پھاٹا ملتان ریجن طاہر انصاری نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاؤسنگ سکیم 50ایکٹر پر مشتمل ہے۔ جس کی چار دیواری مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو مزید بتایاکہ ہاؤسنگ سکیم کل 628پلاٹس پر مشتمل ہو گی جن میں ایک کنال کے 30، د س مرلے کی64اور پانچ مرلے کے 472پلاٹس ہونگے۔ ڈائریکٹر پھاٹا ملتان ریجن طاہر انصاری نے مزید بتایا کہ ہاؤسنگ سکیم میں سنٹرل پارک، کمرشل سنٹر، 51محلہ شاپس ہو گی جامع مسجد اور قبرستان کیلئے 5کنال15مرلے جگہ مختص کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں