نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی رپورٹ 25 دسمبر تک دے گا

پاکستان ریلویز اور نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے مابین معاہدے پر دستخط نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ساتھ انویسٹمنٹ کا طریقہ کار بھی طے پا گیا ،حویلیاں‘خنجراب پراجیکٹ میرا خواب تھا جو آج تعبیر ہونے جارہا ہے اگر سی پیک میں ریلوے کے معاملات چین کے ساتھ مکمل طے پا گئے تو ایک لاکھ افراد کو روزگار دوں گا‘وفاقی وزیر شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو

منگل 20 نومبر 2018 21:29

نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی رپورٹ 25 دسمبر تک دے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان ریلویز اور نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے مابین ریلوے کی مین لائن ون (ایم ایل ون ) کے ابتدائی ڈیزائن کی تیاری کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط ہو گئے۔پاکستان ریلویز کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب اکبر اور نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کی طرف سے این لو شگ نے معاہدے پر دستخط کیے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور دیگر ریلوے حکام بھی موجود تھے۔ معاہدہ کے مطابق نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی رپورٹ 25 دسمبر تک دے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں سٹریٹجیکل دوست ہیں جو ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ایل ون سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے جس کے بغیر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا، ایم ایل ون کے حوالے سے چینی وفد کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ساتھ انویسٹمنٹ کا طریقہ کار بھی طے پا گیا ہے لیکن اس سلسلہ میں معاملات اعلیٰ سطح پر آگے بڑھائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حویلیاں‘خنجراب کا پراجیکٹ میرا خواب تھا جو آج تعبیر ہونے جارہا ہے، ایم ایل ٹو اور تھری پر بھی سٹرٹیجک کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ بدقسمتی سے دیگر ملکوں میںریلویز بہت آگے نکل گئی ہے اور پاکستان ریلویز پیچھے رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے کی حالت یہ ہے کہ سات‘ سات سو کلومیٹر ٹریک ویران پڑے ہیں‘ ملتان‘ سکھر پٹڑی ادھر ہی ہے جدھر گزشتہ دور میں چھوڑ کر گیا تھا، ریلوے سگنل کے منصوبے کی لاگت 36 ارب تک پہنچ چکی ہے جو اس وقت 8 ارب تھی، کوئٹہ سے گوادر اور کوئٹہ سے تافتان ہماری خواہش ہے کہ سٹینڈرڈ گیج ہو جبکہ کراچی سے حیدر آباد‘ سکھر تک سٹینڈرڈ گیج پر جانا چاہتا ہوں۔

موجودہ حکومت ریلوے کو بہت آگے لیکرجانا چاہتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو لاہور ہیڈ کوارٹر کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان 23 نومبر کو وزیر اعظم ہائوس میں چار نئی ٹرینوں کاافتتاح کرینگے جس سے 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف پورا ہو جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ریلوے کو کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ مل گیا اور فنڈز بھی مل گئے تو غریبوں کو گھر بنا کر دیں گے اور قبضہ بھی صاف کر دینگے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ تمام ریلوے ملازمین کو ایک گریڈ دیا جائے تاکہ وہ ریلوے کی ترقی کیلئے مزید بڑھ چڑھ کر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 11 ہزار ملازمین کی بھرتی کا اشتہار 21 نومبر کو شائع ہو جائیگا۔اگر سی پیک میں ریلوے کے معاملات چین کے ساتھ مکمل طے پا گئے تو ایک لاکھ افراد کو روزگار دوں گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں