مراد راس کا گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال کا اچانک دورہ،

سکول میں تعلیمی سہولتوں کا جائزہ اور حاضری چیک کی ‘ صوبائی وزیر مراد راس کا اپنے سمیت محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تمام ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا بھی اعلان

منگل 20 نومبر 2018 21:40

مراد راس کا گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال کا اچانک دورہ،
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نیگورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر مراد راس نے اپنے دورے کے دوران سکول میں تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔صوبائی وزیرکو ہیڈ ماسٹر نے سکول کو درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر مراد راس نے سکول میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات اور مختلف کلاس رومز میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا، اس موقع پر مراد راس ننھے طالبعلموں سے گھل مل گئے ۔ انہوں نے بچوں سے مختلف سوالات کئے اورسبق سنانے پر طلبہ کو شاباش دی۔صوبائی وزیر نے کمپیوٹر، فزکس اور کیمسٹری لیبز سمیت لائبریری اور دیگر شعبوں کی کار کردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر سکولز ایجوکیشن نے کمپیوٹر، فزکس اور کیمسٹری لیبز اور لائبریری کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا۔مراد راس نے طالبعلموںسے درپیش مسائل دریافت کئے اورکلاس رومز میں لائٹس کے مناسب انتظام اور صفائی ستھرائی سمیت مختلف امور بارے ہدایات دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے طالبعلموں کو سرکاری سکولوں میں سپورٹس کی بحالی کی بھی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے سکول کی کینٹین کا معائنہ کیا صفائی ستھرائی سمیت طالبعلموں کو معیاری اشیائے خورونوش کی ارزاں قیمتوں پر فراہمی کی ہدایات دیں۔ مراد راس نے سکول انتظامیہ کو طالبعلموں کی سہولت کیلئے تمام ٹوائلٹس فنکشنل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر مراد راس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے سمیت محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تمام ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا اعلان کیا ۔

اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور کرپشن کا خاتمہ ہے ۔صوبائی وزیر نے سینئر اور جونئیر سکولز کیلئے ایک، ایک واٹر فلٹریشن پلا نٹ کی فراہمی کابھی اعلان کیا۔صوبائی وزیر نے طلبا ء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت، لگن اور شوق سے تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ خلوص نیت، محنت اور جذبہ حب الوطنی سے طالبعلموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے اورسرکاری سکولوں میں انرولمنٹ کے اہداف کی تکمیل اور ڈراپ آؤ ٹ کے رجحان کو روکنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وضع کر دہ قواعد کے مطابق سکولوں کی سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ طلبہ کے رول ماڈل بنیں اور اپنی قابلیت، ذہانت اور محنت سے طالبعلموں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کریں۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے الحمرا ہال میں سیرت النبیﷺ کی مناسبت سے منعقدہ تقریری و نعتیہ مقابلہ جات کی تقریب میں شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے۔تقریب میں لاہور کی مختلف تحصیلوں کے طالبعلموں نے تقریری و نعتیہ مقابلہ جات میں حصہ لیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید، سپیشل سیکرٹری محمد جہانزیب خان، ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا عبدالقیوم، چیف ایگزیکٹیوآفیسر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نسیم احمد زاہدسمیت طلبا ء و طالبات، اساتذہ کرام اور والدین نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں