گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات

اہم قومی و سیاسی امور ، نئے ڈیمز کی تعمیر اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال

منگل 20 نومبر 2018 22:14

گورنر پنجاب سے  وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گورنر ہائوس لاہور میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم قومی و سیاسی امور ، نئے ڈیمز کی تعمیر اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خوشحال اور مستحکم پا کستان آنے والی نسل کو مہیا کرنا ہمارا منشور ہی نہیں بلکہ فرض بھی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت اور دفاع کے لئے 22 کروڑ قوم ایک نقطے پر کھڑی ہے اور ناقابل شکست قوت کا درجہ رکھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پراپیگنڈوں اور افواہوں کی سیاست کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اور تنقید برائے تنقید کی بجائے تنقید برائے اصلاح کا ماحول پیدا ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہا کہ و زیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایات پر بلا امتیاز و تفریق ملک بھر میں عوام کو بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیں گی، اب کوئی پسماندہ سے پسماندہ علاقہ بھی اپنے بنیادی حق سے محروم نہیں رہے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک کو د رپیش اہم مسائل میں سب سے اولین مسئلہ پانی کا ہے ،حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا کہ گورنر پنجاب کا جیلوں میں صاف پانی کی فراہمی اور پولیس لائنز میں پانی کے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کام انتہائی قابل ستائش ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سندھ کی جیلوں اور پولیس لائنز میں بھی شروع کئے جائیں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلا شبہ ملک کچھ سنگین مسائل سے دوچار ہے لیکن بہت جلد ان پر نہ صرف قابو پا لیں گے بلکہ معاشی اعتبار سے ملک کو صحیح سمت کی طرف گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں لوکل کونسلز ایسوسی ایشن پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وفد نے صدر پنجاب لوکل کونسلز ایسوسی ایشن فوزیہ خالد وڑائچ کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفدمیں زاہد اقبال چوہدری شریک صدر، انور حسین چیف ایگزیکٹیو، حمایت اللہ صدر لوکل کونسل خیبر پختونخواہ ، بابر علی خان سیال چیئر مین ضلع کونسل جھنگ، پیرزادہ راجن سلطان چیئرمین ضلع کونسل لودھراں اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔اس موقع پر لوکل کونسل ایسوسی ایشن کی جانب سے دونوں صوبوں میں مقامی حکومتوں کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کی جانے والی قانون سازی کے حوالہ سے سفارشات پیش کی گئیں۔

بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر ہائوس لاہور میں سرور فائونڈیشن کی ہنرگاہ سینٹر (شاہدرہ پراجیکٹس) کے زیر اہتمام (سلائی کڑھائی) کاکورس مکمل کرنے والی خواتین کو سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور فائونڈیشن کے زیر اہتمام اس وقت صوبہ کے مختلف حصوں میں ایک سو پچاس سینٹرز کام کررہے ہیںجہاں پر بچیوں کو سلائی کرھائی کے علاوہ بیوٹیشن اور کھانا پکانے کے کورسز کروائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ کئی ہسپتال قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہزاروں بے سہارا اور غریب خاندانوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں سرور فائونڈیشن کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں تاکہ قیدیوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہوسکے۔ اُنہوں نے کہ ہیپاٹائٹس کے حوالے سے بھی پراجیکٹس لگائے جارہے ہیں جس کے لئے مریضوں کو ادوایات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا بنیادی منشور مستحکم پاکستان ہے اور اس کے لئے وزیر اعظم عمران خاں کے مشن کو آگے لے کر چلنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں ایسا مثالی ملک بنانا ہے جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشر ق علامہ اقبال ؒ نے دیکھا تھا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کورس مکمل کرنی والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اُنہوں نے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والی خواتین کے لئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آئندہ عملی زندگی میں اِنہیں کامیاب کرے۔ تقریب سے گورنر پنجاب کی اہلیہ پروین سرور اور سینئر صوبائی وزیر پنجاب/ڈائریکٹر سرور فائونڈیشن علیم خان نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں