عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

منگل 20 نومبر 2018 22:36

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے صوبے بھر میں جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی 1821محافل اور نکالے جانے والے 2004جلوسوں کے شرکاء کی سکیورٹی کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں دیئے گئے ایس او پی کے مطابق ان کی بھرپور سکیورٹی کے انتظامات کریں تا کہ عوام رحمت اللعالمینﷺ کی تقریبات میں بلا خوف و خطر شرکت کر سکیں، اس سلسلے میں صوبے بھر میں ان محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 57445 افسر و اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، جن میں 410گزیٹڈ افسران، 930 انسپکٹرز، 2848 سب انسپکٹرز، 4804 اے ایس آئیز، 4251 ہیڈ کانسٹیبلز، 36161کانسٹیبلز، 7860پولیس قومی رضاکار جبکہ 2181 سپیشل پولیس کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ حساس مقامات پر منعقدہ محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 183واک تھرو گیٹس، 7733میٹل ڈیٹیکٹرز، 1636سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز کو یہ ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ذاتی طور پر نہ صرف ان محافل اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کریں بلکہ اپنے اضلاع میں Identified حساس علاقوں کی خصوصی طور پر نگرانی کریں اور جاری کئے گئے سکیورٹی ایس او پی پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں، اس کے علاوہ صوبے بھر میں تمام ٹریفک سربراہان کو خصوصی طور پر اس اہم دن کے موقع پر ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے، متبادل راستوںکے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے انتظامات بھی مکمل کریں تا کہ لوگ ان محافل اور جلوسوں میں بھرپور شرکت کر سکیں، اس کے علاوہ فیلڈ افسران کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ گلیوں، بازاروں، اہم شاہراہوں، بنکوں ، سرکاری عمارتوں، مساجد ، مزاروں اور درباروں کی سکیورٹی کیلئے بھی مناسب فورس کی تعیناتی کریں، آئی جی پنجاب نے ہدایات میں مزید یہ کہا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں مقامی علماء، عمائدین شہر، اساتذہ اور سوسائٹی کے دیگر اکابرین کے ساتھ رابطے میں رہیں تا کہ ان کے تعاون سے منعقد ہونے والی محافل کے شرکاء کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں