صوبہ بھر کی جیلوں میں سرور فائونڈیشن کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں ،گورنر پنجاب

منگل 20 نومبر 2018 22:47

صوبہ بھر کی جیلوں میں سرور فائونڈیشن کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں ،گورنر پنجاب
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں سرور فائونڈیشن کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں تاکہ قیدیوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہوسکے، ہیپاٹائٹس کے حوالے سے بھی پراجیکٹس لگائے جارہے ہیں جس کے لئے مریضوں کو ادوایات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،گورنر ہائوس لاہور میں سرور فائونڈیشن کی ہنرگاہ سینٹر (شاہدرہ پراجیکٹس) کے زیر اہتمام (سلائی کڑھائی) کاکورس مکمل کرنے والی خواتین کو سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے،گورنر نے کہا کہ سرور فائونڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ کے مختلف حصوں میں ایک سو پچاس سینٹرز کام کررہے ہیںجہاں پر بچیوں کو سلائی کرھائی کے علاوہ بیوٹیشن اور کھانا پکانے کے کورسز کروائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کئی ہسپتال قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہزاروں بے سہارا اور غریب خاندانوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا بنیادی منشور مستحکم پاکستان ہے اور اس کے لئے وزیر اعظم عمران خاں کے مشن کو آگے لے کر چلنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں ایسا مثالی ملک بنانا ہے جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشر ق علامہ اقبال ؒ نے دیکھا تھا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کورس مکمل کرنی والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اُنہوں نے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والی خواتین کے لئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آئندہ عملی زندگی میں اِنہیں کامیاب کرے۔ تقریب سے گورنر پنجاب کی اہلیہ پروین سرور اور سینئر صوبائی وزیر پنجاب/ڈائریکٹر سرور فائونڈیشن علیم خان نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں