عمران اور انکی حکومت چورچور کا ڈھنڈورا پیٹتی رہی،چور انکی اپنی بغل سے برآمد ہوگیا‘پرویز ملک

چوروں کا یہی وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ اوپر سے شور مچاتے ہیں اور چھپ کر واردات کرتے ہیں‘خواجہ عمران

جمعرات 22 نومبر 2018 15:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی حکومت چورچور کا ڈھنڈورا شہر میں پیٹتی رہی اور چور ان کی اپنی بغل سے برآمد ہوگیا،چورچور کا شور مچانے والی حکومت خود چور ہے، علیمہ باجی کی جائیداد کیسے بنی کن ذرائع سے یہ پیسہ باہر گیا حکومت باہر چور ڈھونڈ رہی تھی۔

قوم ان سوالات کے جواب جاننا چاہتی ہے،چوروں کا یہی وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ اوپر سے شور مچاتے رہتے ہیں اور چھپ کر واردات کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقوںمیں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے علیمہ خانم کے نام پر جو منی لانڈرنگ کی ہے، اس کی تحقیقات کا آغاز کب ہوگا یہ سرمایہ ان کے پاس کہاں سے آیا کیا یہ چندے کے اور لوگوں کے عطیات ہیں بیرون ملک یہ سرمایہ کیسے منتقل ہوا وزیراعظم نے اپنی بہن کو این آر او دیا ہے اور دیگر اپنے قریبی حواریوں کو یہ سہولت دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں بنی گالہ کی جائیداد کہاں سے آئی۔ ان کی بے نامی پر آنکھیں بند ہوگئیں۔ دوسروں کے بارے میں این آر او کے نعرے حکومت اس لئے لگاتی ہے تاکہ اپوزیشن اس کی نااہلی کا سوال نہ پوچھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں