علی ترین کی سیاست کے بعد کرکٹ میں دلچسپی

پی ٹی آئی رہنما علی ترین نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 27 نومبر 2018 15:50

علی ترین کی سیاست کے بعد کرکٹ میں دلچسپی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 نومبر 2018ء) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ترین نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کےلیے فرنچائز خریدنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پی سی بی ہیڈکوارٹر لاہور میں آفیشلز سے دو سے تین ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

علی ترین نے مزید کہا کہ وہ پی ایس ایل فور کے ٹینڈر کے لیے بقاعدہ درخواست دینے کے لیے ابتدائی کام مکمل کر چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے مینجر کی حیثیت سے کام کرنے والے عمران احمد خان کا کہنا ہے کہ علی ترین نے پی سی بی سے چھٹی ٹیم کے حوالے سے ضرور بات کی ہے۔

(جاری ہے)

البتہ چھٹی ٹیم کے مالک کا فیصلہ ٹینڈرز کے ذریعے سے ہو گا جو دسمبر کے پہلے ہفتے میں جاری کر دیا جائے گا۔

خیال رہے علی ترین نے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر لودھراں سے الیکشن لڑا تھا تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے تھے۔انہوں نے لودھراں میں این اے 154کے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔یہ نشست جہانگیر ترین کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتحابات میں ن لیگ نے تحریک انصاف کو شکست دی تھی۔اور مسلم لیگ نواز کے سید محمد اقبال شاہ نے 116590 ووٹ حاصل کیے تھے۔

جبکہ تحریک انصاف کے علی خان ترین 91230 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرر ہے۔اس طرح ن لیگ کو تحریک انصاف پر 25360 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔تاہم سیاست کے بعد اب علی ترین نے کرکٹ میں بھی دلچسی ظاہر کی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہاہے کہ وہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کو خرید لیں گے۔اس حوالے سے وہ پی سی بی آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں