نواز شریف کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت

جمعرات 29 نومبر 2018 13:21

نواز شریف کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔

غلام یاسین بھٹی نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا۔آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو عوام اور ممبران قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔الیکشن کمیشن کے 28 جولائی کے نواز شریف کی اہلیت سے متعلق نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔نواز شریف اس وقت بھی وزیر اعظم ہیں اور کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل قرار دیا جائے۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل کی جانب سے جواب کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیدیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں