عمران خان کے نئے پاکستان میں چوروں اور لٹیروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ‘دوست محمد مزاری

ملک کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ،غیر جمہوری سوچ رکھنے والوں سے کوئی خوف ہے‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعرات 29 نومبر 2018 16:40

عمران خان کے نئے پاکستان میں چوروں اور لٹیروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ‘دوست محمد مزاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ کل کے دشمن جو ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے وہ آج باہوں میں باہیں ڈال کر اسمبلی میں آتے ہیں ،وہ ذہن میں رکھیں کہ چاہے باہوں میں باہیں ڈال کر آئیں یا ایک دوسرے کے کندھوں پر سوار ہو کر احتساب سے نہیں بچ سکتے ۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے اس میں چوروں اور لٹیروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔آج مفاد پرستوں کا ٹولہ اکٹھے ہونے کی باتیں کر رہا ہے، ان کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی یا روشن مستقبل نہیں، ملکی مفاد اور ترقی نہیں ، غریب کی غربت مٹانا نہیں، انصاف کا بول بالا نہیں، ہر شہری کے لیے یکساں تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کرنا نہیںبلکہ اپنی لوٹ مار کی دولت بچانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ چاہے کو ئی بھی غیر جمہوری عمل ہو یا ملکی مفاد دائو پر لگ جائے ، نواز ، زرداری ٹولے کا مقصد صرف حکومت میں آنا ہے۔ یہ اقتدار کے بھوکے لوگ ہیںاور اقتدار کی خاطر یہ ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ لیکن خوش قسمتی یہ ہے کہ عمران خان کی صورت میں ہمیں ایک نڈر اور بے باک لیڈر ملا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس کا دل پاکستان کے لیے دھڑکتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جب تک پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت ہے اس ملک کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی ان غیر جمہوری سوچ رکھنے والوں سے کوئی خوف ہے۔ہم نے آنکھ میں آنکھ ڈال کر دوسرے ملکوں سے برابری کی سطح پر بات کی ہے اور کرتے رہیںگے۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان کی لیڈر شپ میں ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا اور اقوامِ عالم میں ملکِ خدا داد پاکستان کا جھنڈا سر بلند ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں