کرتارپور راہداری سے دونوں ممالک میں امن آئے گا،ہزار دروازے اور کھڑکیاں کھلیں گی‘نوجوت سنگھ سدھو

تالی دو ہاتھ سے بجی ہے، دونوں پنجابوں کا آپس میں جڑنا یہ ایک نعمت ہے،بابا جی کے نام کی برکت سے اس خطے میں خوشحالی آئیگی سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر محبتوں کا پیغام لیے واہگہ کے راستے واپس روانہ ،کرتار پور میں مذہبی رسومات کی ادائیگی ، لاہور میں شاپنگ

جمعرات 29 نومبر 2018 17:13

کرتارپور راہداری سے دونوں ممالک میں امن آئے گا،ہزار دروازے اور کھڑکیاں کھلیں گی‘نوجوت سنگھ سدھو
لاہور/نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری سے دونوں ممالک میں امن آئے گا، جو کام شروع ہوا ہے اس سے ہزار دروازے اور کھڑکیاں کھلیں گی، تالی دو ہاتھ سے بجی ہے، دونوں پنجابوں کا آپس میں جڑنا یہ ایک نعمت ہے،بابا جی کے نام کی برکت سے اس خطے میں خوشحالی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محبتوں کا پیغام لیے بھارت واپسی روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل عمران خان نے جو شروعات کی تھی اسے عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے اور انہوں نے تین ماہ میں برسوں کا کام مکمل کیا۔کرتارپور راہداری سے دونوں ممالک میں امن آئے گا، جو کام شروع ہوا ہے اس سے ہزار دروازے اور کھڑکیاں کھلیں گی، صرف کوریڈور نہیں پاکستان نے پارس کو چھو لیا، راہداری ایک سال میں 100 سال کی ترقی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ تالی دو ہاتھ سے بجی ہے، دونوں پنجابوں کا آپس میں جڑنا یہ ایک نعمت ہے۔قبل ازیں نوجوت سنگھ سدھو کی کرتارپور میں بابا گورونانک کی سمادھی پر ماتھا ٹیکی سمیت دیگر مذہبی عبادات کیں ۔انہوں نے بابا گورونانک کے گرودوارہ میں لنگر کھایا، نوجوت سنگھ سدھو کو دربار باباگورونانک کے کھیتوں کے چاول اور گندم کی روٹی پیش کی گئی، گوردوارہ کرتارپور کے سردار گوبند سنگھ نے نوجوت سنگھ کو تحائف پیش کئے، نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور میں فرمائش کر کے چائے پی، سدھو کرتارپور میں آنے والے یاتریوں میں گھل مل گئے اور گپ شپ کی۔

دورہ کے موقع پر نوجوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہداری کھلنے کے فیصلے سے دونوں ملکوں کی اکانومی کو اتنا فائدہ ہو گا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے، بابا گرونانک سب کا بھلا مانگتے تھے، وہ جوڑنے والے تھے توڑنے والے نہیں تھے، بابا جی کے نام کی برکت سے اس خطے میں خوشحالی آئے گی۔جبکہ انہوں نے لاہور میں شاپنگ بھی کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں