حکومت ’’رائٹ پرسن فار رائٹ جاب‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،چوہدری محمد سرور

یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعیناتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی اور تمام تعلیمی اداروں کو سیاسی دبائو سے آزاد کیا گیا ہے وائس چانسلرز کو انتظامی و مالی لحاظ سے بااختیار بنایا گیا ہے اور اب وہ اپنے فیصلے خود کرنے کے ذمہ دار ہیں، حکومت نوجوان طبقہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اُٹھارہی ہے،گورنر پنجاب

جمعرات 29 نومبر 2018 23:02

حکومت ’’رائٹ پرسن فار رائٹ جاب‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت ’’رائٹ پرسن فار رائٹ جاب‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعیناتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی اور تمام تعلیمی اداروں کو سیاسی دبائو سے آزاد کیا گیا ہے۔ وائس چانسلرز کو انتظامی و مالی لحاظ سے بااختیار بنایا گیا ہے اور اب وہ اپنے فیصلے خود کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

حکومت نوجوان طبقہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اُٹھارہی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائو س لاہور میں برطانیہ کی معروف یونیورسٹیوں کے سینئر مینجمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل ایسوسی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز ڈاکٹر جونہ نیومن(Dr Joanna Newman) کررہی تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل پاکستان روز میری ہل ہورسٹ (Ms. Rosemary Hilhorst) بھی موجود تھیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مرکزی کردار ہے اور حکومت قومی اور صوبائی سطح پر تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی ریفارمز لائی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دُنیا میں واحد ملک ہے جس کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن یو کے ساتھ مل کر تعلیمی شعبے میں مثالی کام کررہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کی 150یونیورسٹیاں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برٹش کونسل کی طرف سے متعارف کرائے گئے پروگراموں پر عمل پیرا ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کوالٹی ایجوکیشن اور اساتذہ کی تربیت کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح 22ملین بچوں کو سکولوں میں لانا ہے جو بدقسمتی سے گھروں، فیکٹریوں اور ورکشاپوں میں کام کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کو سولرز پر منتقل کیا جارہا ہے اِسی طرح طلبا کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ سیاسی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خاں نے آج کرتار پور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کرتار پور بارڈر کھلنے سے دونوں ممالک کے مابین پیار اور محبت کا رشتہ پروان چڑھے گا۔ گورنر نے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کارلارہی ہے جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں