پو ری توجہ فلاح عامہ پر ہے، تحریک انصاف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ثابت ہو گا : عثمان بزدار

ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے، عوام کو فائدہ نہیں پہنچا ، تحریک انصاف کی حکومت عوام پر سرمایہ کاری کر رہی ہے وزیراعظم عمران خان کی بے مثال قیادت میں مختصر عرصے میں تاریخی اقدامات کئے گئے ہیںجن کے دو رس اثرات سامنے آئیں گے عمران خان عمل پر یقین رکھتے ہیں، کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنا تاریخی اقدام ہے ، پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی

جمعرات 29 نومبر 2018 23:07

پو ری توجہ فلاح عامہ پر ہے، تحریک انصاف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ثابت ہو گا : عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ حکومت بھرپور جذبے اور عزم کے ساتھ درست سمت کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ عوام کی فلاح وبہبودکے سلسلے میں سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں۔ غریب عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے۔

عوام کے مسائل کے حل کیلئے تحریک انصاف تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے اور سابق ادوار کے منصوبوں سے عوام کو فائدہ نہیں پہنچا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام پر سرمایہ کاری کر رہی ہے کیونکہ عوام کی حالت بدلے گی تو تبدیلی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ثابت ہوگا کیونکہ ہماری پوری توجہ فلاح عامہ پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی بے مثال قیادت میں مختصر عرصے میں تاریخی اقدامات کئے گئے ہیںجن کے دو رس اثرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنا ایسا شاندار اقدام ہے جس سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔

میں نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے پر سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے اور اس اقدام کو مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری دلوں کو جوڑنے کی راہداری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے 3 ماہ میں تاریخ ساز اقدام کیا ہے جبکہ ماضی میں اعلان کئے گئے لیکن عملی طور پر کچھ نہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عمل پر یقین رکھتے ہیں اور کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت سے تعلقات میں بہتری اورامن کیلئے پاکستان کا مثبت طرزعمل اور خلوص نیت دنیا کے سامنے ہے۔ کرتارپور راہداری صرف سرحد پار کرنے کا راستہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دلوں میں اترنے کا راستہ ہے۔ راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر سکھ برادری کے چہروں پر مسرت دیکھ کر مجھے بھی دلی خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پر امن اور خودمختار ملک ہے اور کرتارپور راہداری کے تاریخی اقدام سے امن کوششوں کو تقویت ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی حکومت نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں امن کی خواہش مند ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں