دیسی شادی ہو اور سادہ ہو ایسا ممکن نہیں

شادی کی تقریب میں دلہن کیک میں بیٹھ کر اسٹیج تک آئی، سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 30 نومبر 2018 13:51

دیسی شادی ہو اور سادہ ہو ایسا ممکن نہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2018ء) : حال ہی میں پاکستان میں ہونے والی شادیوں پر دلہا دلہن کے کیک کاٹنے کا رواج زور پکڑ گیا ہے ۔ عام طور پر ولیمہ کی تقریب میں دلہا اور دلہن کیک کاٹتے ہیں جسے ہر شادی میں نت نئے ڈیزائن اور کلر اسکیم کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے یہ کیک شادی کی تقریب میں آئے مہمانوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔

 اب دیسی شادی ہو اور سادہ ہو ایسا تو ناممکن ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ''دلہن کیک '' کی تصویر وائرل ہوئی جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے اس کو بنانے والی کی قابلیت اور صلاحیت کی خوب تعریف کی۔ لیکن لاہور میں منعقد ہونے والی ایک شادی کی تقریب کا کیک سوشل میڈیا پر اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب دلہن اپنے شادی کے کیک میں ہی بیٹھ کر اسٹیج تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)



 جی ہاں! اس شادی کی تقریب کے لیے ایک ایسا منفرد اور ماسٹر پیس کیک ڈیزائن کیا گیا جس میں دلہن کے بیٹھنے کی جگہ بھی موجود تھی۔

اس کیک کو پہلی جھلک میں دیکھنے میں لگتا ہے کہ یہ کیک ایک سجائی گئی ڈولی ہے لیکن نہیں! یہ ڈولی نہیں بلکہ ڈولی نُما کیک ہے جسے دلہن کی فرمائش پر خصوصی طور پر تیار کروایا گیا تھا۔ اس کیک میں بیٹھی دلہن کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:


دلہن اس ڈولی نُما کیک میں بیٹھی اور یہ کیک خود چل کر اسٹیج تک پہنچدلہن اس ڈولی نُما کیک میں بیٹھی اور یہ کیک خود چل کر اسٹیج تک پہنچ گیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق یہ کیک مدیحہ شاہد نامی ایک کیک آرٹسٹ نے ڈیزائن کیا اور بنایا اور انہوں نے اس کیک کی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شئیرکی۔


 اس کیک کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے بھی طرح طرح کے تبصرے کرنا شروع کر دئے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ کیا ایک ایسا کیک جس میں دلہن بیٹھی ، کسی نے کھایا ہو گا؟ کیا یہ کیک دلہن نے خود بھی کھایا ہو گا یا نہیں؟ کچھ صارفین نے کہا کہ اس ڈولی نُما کیک کی آخر ضرورت ہی کیا تھی ؟ دلہن صرف ایک ڈولی سجوا کر بھی تو اسٹیج تک آ سکتی تھی ۔سوشل میڈیا پر کچھ ناقدین نے اتنا خرچ کرنے پر دلہن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ شادی کے کیک پر اتنے پیسے لُٹانے سے اچھا کسی غریب کو یہ رقم دے دیتے تو کسی کی مدد بھی ہو جاتی اور غریبوں کی دعا بھی مل جاتی جبکہ کچھ صارفین تو اس کیک کو دیکھ کر صرف یہی سوچتے رہ گئے کہ آخر یہ کیک کس نے اور کیسے بنایا ہو گا؟ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین دلہن کے حق میں بھی بول اُٹھے اور کہا کہ یہ اُس کی شادی تھی ، اُس کی مرضی کہ وہ اس شادی پر کتنا اور کیسے خرچ کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں