ایف بی آرنے علیمہ خان کے اثاثوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں

ہفتہ 1 دسمبر 2018 15:32

ایف بی آرنے علیمہ خان کے اثاثوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) ایف بی آر حکام نے علیمہ خان کے اثاثوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں‘ رپورٹ میں کہا گیا کہ علیمہ خان نے دبئی کے فلیٹ پر ایمنسٹی نہیں لی، اپارٹمنٹ قرض ادا کر کے بیچ دیا گیا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ کارروائی کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا جائے، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ہفتہ کو علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادکے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ علیمہ خان کو طلبی کیلئے کب نوٹس بھیجا گیا اور اب تک ایف بی آر نے کیا کارروائی کی۔ ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر اشتیاق نے دبئی کی جائیداد، کرایہ نامہ کے بارے تفصیلی سربمہر رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ایف بی آر نے 8 فرروی کونوٹس بھیجا، بیرون ملک ہونے کی وجہ سے علیمہ خان کو نوٹس موصول نہیں ہوئے، عدالتی استفسار پر کمشنر نے بتایا کہ بینک سے قرض لے کر فلیٹ خریدا اور کرایہ کے ذریعے قرضے کی ادائیگی کی گئی اور پھر یہ فروخت کر دیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ان لینڈ ریونیو نے واضح کیا کہ بیرون ملک جائیداد کی خریداری ظاہر کرنا لازمی ہے، ایف بی آر کو ان کے نفع اور نقصان سے کوئی غرض نہیں۔ چیف جسٹس نے درخواست پر مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں