شیخ رشید کا سیاحت کے فروغ کیلئے ٹرینیں چلانے کا اعلان

سیاحت کے فروغ کیلئے3 ٹورسٹ ٹرینیں چلائیں گے، راولپنڈی تا ٹیکسلا سیاحت کیلئے اسٹیم انجن چلائیں گے،چیف جسٹس سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈ میں5 کروڑ روپے دیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 دسمبر 2018 16:29

شیخ رشید کا سیاحت کے فروغ کیلئے ٹرینیں چلانے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم دسمبر 2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ریلوے میں3 ٹورسٹ ٹرینیں چلائی جائیں گی، راولپنڈی تا ٹیکسلا سیاحت کیلئے اسٹیم انجن چلائیں گے،چیف جسٹس سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈ میں5 کروڑ روپے دیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت ریلوے نے 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانے کا وعدہ پورا کردیا ہے۔

اب ہمارا ہدف خراب پٹریوں اورخراب بوگیوں کی مرمت کرنا ہے۔ پنجہ صاحب حسن ابدال کوپشاور ڈویژن سے نکال کرراولپنڈی ڈویژن کے حوالے کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریزوریشن اوقات بڑھانے سے ریلوے کی آمدنی20 فیصد بڑھی ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل شہروں کے اسٹیشنز پر 24 گھنٹے ریزرویشن کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ریلوے میں ایک ارب روپے کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی ہے۔

ان تمام اقدامات کے باعث 90 دنوں میں ریلوے کی آمدنی میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کے ڈیمز فنڈ میں5 کروڑ روپے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو ہدف مقرر کیا ہے اس کو پورا کریں گے۔ ہمارا سال میں 10 ارب روپے بزنس کا ہدف ہے۔ اسی طرح وقت کی پابندی کے ہدف کو90 فیصد تک کورکرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے نے ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی ہے۔

سیاحت کے فروغ کیلئے ریلوے میں
3 ٹورسٹ ٹرینیں چلا رہے ہیں۔ راولپنڈی سے ٹیکسلا تک سیاحت کیلئے اسٹیم انجن چلائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میانوالی ایکسپریس میں مسافر ریل کی چھتوں پر بیٹھ کر سفر کررہے ہیں۔ شیخ رشید نے خبردار کیا کہ بغیرٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں میں عام لوگوں کے ساتھ اگر پولیس یا ریلوے عملہ کا بھی اہلکار ہوا تو اس کو بھی ملازمت سے نکال دیا جائےگا۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک آفیسر کی تعریف بھی کی انہوں نے کہا کہ نئے چئیرمین ریلوے راجہ سلطان سکندر بہت زبردست افسر ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں