کرتا ر پور کوریڈور کا کریڈٹ جنرل باجوہ کو جاتا ہے ،

ایک جپھے نے بھارت کے مشن کو نیست و نابود کر دیا ‘ شیخ رشید

ہفتہ 1 دسمبر 2018 16:47

کرتا ر پور کوریڈور کا کریڈٹ جنرل باجوہ کو جاتا ہے ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرتا ر پور کوریڈور کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے ایک جپھے نے بھارت کے مشن کو نیست و نابود کر دیا ہے ،چار مہینوں میں 20ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے اور ہم اپنے ہدف سے 10ارب زائد آمدن حاصل کرینگے ،ٹرین میں مسافر کو بغیر ٹکٹ سفر کرانے میںملوث محکمے کے ملازم کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا ،سی پیک کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس کی وجہ سے ایم ایل ون کا معاملہ آگے بڑھا۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے تین ٹورسٹ ٹرینیں چلائیں گے ، راولپنڈی اور ٹیکسلا کے درمیان سٹیم انجن ٹرین چلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

چکلالہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کر رہے ہیں ۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی ٹرین میں اگر ریلوے پولیس کے اہلکار یا کسی ملازم کی وجہ سے کوئی مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتا ہوا پایا گیا تو انہیں نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔

27نومبر کو ریلوے کو صرف ایک روز میں ٹکٹوں کی فروخت سے 5کروڑ 62لاکھ روپے آمدن ہوئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ریزرویشن آفسزکے اوقات دو گھنٹے بڑھانے سے 20فیصد آمدن بڑھی ہے اور اب تمام ڈویژنل شہروں میں چوبیس گھنٹے ریزور ویشن آفس کھلے رکھنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ اللہ کی مدد سے چار مہینوں میں 20ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے ، ہم نے اپنے ہدف سے 10ارب روپے زائد آمدن حاصل کرنی ہے اور اس کے قریب ہیں ۔

صرف 90روز میں ریلوے نے 2ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے جبکہ ریلویز نے غیر ضروری اخراجات میں ایک ارب روپے کی کمی کی۔ انہوں نے بتایا کہ 100 روز میں دس نئی ٹرینیں چلانے کا وعدہ پوراکیا ہے ، 23دسمبر کو رحمان بابا ٹرین چلے گی ۔شیخ رشید نے بتایا کہ چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے ڈیم فنڈز کیلئے پانچ کروڑ روپے جمع کر لئے ہیں اور یہ ٹکٹ پر ایک روپے اضافی لینے سے جمع ہوئے ہیں جب اس میں مزید اضافہ ہو جائے گا تو ہم ملاقات کر کے چیک پیش کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ اشفاق ختک میرے لئے قابل احترام ہیں ، انہوںنے کشمیر ٹرین اور سی پیک پر کام کیا ہے لیکن خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ سی پیک کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس کی وجہ سے ایم ایل ون کا معاملہ آگے بڑھا ہے ۔ ہم ابھی تک الجھے ہوئے تھے لیکن اپنی جو کمزوریاں ہیں انہیں ٹھیک کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ کوئٹہ ، تفتان 672کلو میٹر کا فاصلہ ہے لیکن وہاں پٹڑی بڑی ناقص ہے ۔

ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ، تفتان اور کوئٹہ ،گوادر سٹینڈرڈ گیج ہو ، چین اور ایران کا سٹینڈرڈ گیج ہے اور ہم بھی سٹینڈرڈ گیج پر جائیں گے ۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ ایم ایل I،IIاورIIIپر ایک ہی ساتھ کام شروع ہو اور میں مرنے سے پہلے ایم ایل Iکا کریڈٹ لے کر جائوں ۔انہوںنے کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اسے پوری دنیا میں سراہا گیا ہے ،اس کاکریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے جنہوںنے بھارت کے دفتر خارجہ کے مشن کو نیست و نابود کر دیا ۔ عمران خان نے اس پر عمل کیا ہے اور اس پر پورے بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ایک جپھے نے بھارت کے مشن کو نیست و نابود کردیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں